سابقہ مس یونیورس کی امیدوار کار حادثے میں ہلاک

پیر 18 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روسی ماڈل اور ٹیلی ویژن شخصیت کسینیا الیگزینڈرووا، جنہوں نے 2017 کے مس یونیورس مقابلے میں روس کی نمائندگی کی تھی، 30 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

الیگزینڈرووا کے انتقال کی تصدیق ان کی ماڈلنگ ایجنسی موڈس ویوینڈس نے 13 اگست کو ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کی جس میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’کسینیا ایک باصلاحیت، روشن خیال اور مہربان شخصیت تھیں جو ہر کسی کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی تھیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: مس یونیورس میں حصہ لینے کے لیے فلسطین کی پہلی حسینہ میدان میں آگئی

روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق، الیگزینڈرووا ایک کار حادثے میں جاں بحق ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ سفر کر رہی تھیں۔ ان کی گاڑی ایک اچانک سڑک پر آنے والے ہرن سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کسینیا کو سر پر شدید چوٹ آئی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

واضح رہے کہ کسینیا الیگزینڈرووا نے رواں برس مارچ میں شادی کی تھی، جس کا اعلان انہوں نے اپریل میں ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔

الیگزینڈرووا نے 2017 میں مس روس مقابلے میں ماسکو کی نمائندگی کرتے ہوئے فرسٹ رنر اپ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے مس یونیورس مقابلے کے دوران کہا تھا کہ ’دنیا کے ہر انسان کو خود پر یقین رکھنا چاہیے، خواب دیکھنے سے کبھی ہار نہیں ماننی چاہیے، کیونکہ اس دنیا میں سب کچھ ممکن ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی میں بطور ویٹرس کام کرنے والی لڑکی مس یونیورس فلپائنز 2025 کی امیدوار کیسے بنی؟

ماڈلنگ کے میدان میں کامیابی کے بعد، الیگزینڈرووا نے تعلیم کے شعبے میں بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے پلیخانوف روسی یونیورسٹی آف اکنامکس سے فنانس میں گریجویشن کیا اور بعدازاں نفسیات میں دلچسپی لیتے ہوئے سائیکوڈراما تھراپسٹ کے طور پر کام شروع کیا۔

مس یونیورس آرگنائزیشن نے ایک بیان میں ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’کسینیا کی شخصیت، خوبصورتی اور حوصلے نے مس یونیورس فیملی پر گہرے اثرات چھوڑے۔ ہم ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کی یاد ہمیشہ محبت، ہمدردی اور حوصلے کی علامت بنی رہے گی‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp