ثقافت کسی بھی قوم کی شناخت کو تشکیل دیتی ہے۔ کسی ملک کی تاریخ، روایات، کھانے، موسیقی اور تاریخی ورثہ اس کے عوام کے لیے بے حد اہمیت رکھتا ہے۔
جدید اور ڈیجیٹل دور میں بھی کئی ممالک نے اپنی ثقافت کو محفوظ رکھا ہے اور آج بھی دنیا بھر میں اپنی ثقافتی اہمیت کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ مختلف عالمی سروے کی بنیاد پر 2025 میں دنیا کے 5 سب سے زیادہ ثقافتی طور پر مؤثر ممالک یہ قرار دیے گئے ہیں:
یونان
یونان کو دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے اکثر پہلے نمبر پر ثقافتی اثرات کے لیے تسلیم کیا جاتا ہے۔ یہ جمہوریت، اولمپکس، تھیٹر اور فلسفے کا آغاز کرنے والا ملک ہے اور اس نے سائنس، فنون، سماجی علوم اور کھانوں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ آج یونان اپنی خوبصورت مناظر اور تاریخی عمارتوں کی وجہ سے دنیا کا مقبول سیاحتی مقام ہے۔
یہ بھی پڑھیے: دنیا کے سب سے زیادہ انسٹاگرام کیے جانے والے سیاحتی مقامات کون سے ہیں؟
اٹلی
اٹلی کو دوسرے نمبر پر ثقافتی طور پر سب سے زیادہ اثر انداز ملک قرار دیا گیا ہے۔ یہ اپنے تاریخی شہروں، قدرتی مناظر اور مشہور مقامات جیسے ماؤنٹ ایٹنا کے باعث جانا جاتا ہے۔ رومانی سلطنت کے آثار، وینس اور فلورنس کے فنون اور اٹلی کا فیشن اور کھانے دنیا بھر پر اثر ڈالتے ہیں۔
اسپین
اسپین دنیا کا دوسرا سب سے مقبول سیاحتی مقام ہے اور ثقافتی اثرات کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں گاؤڈی کے فن پارے، الحمرا محل، جنرلائف گارڈنز اور یورپ کا سب سے بڑا ایکویریم مشہور ہیں۔ اسپین کی شناخت فلیمینکو رقص و موسیقی، پکاسو، گویا اور سروانتس جیسے فنکاروں اور ادیبوں سے بھی وابستہ ہے۔
فرانس
فرانس چوتھے نمبر پر آتا ہے اور اپنی پرانی تاریخ، ادب، فنون، موسیقی، رقص، سنیما، کھانوں اور شراب کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہ دنیا کا سب سے زیادہ سیاحوں کا مرکز بھی ہے، جہاں ایفل ٹاور، لوو میوزیم، ورسائی محل اور نوترے ڈیم کیتھیڈرل جیسی تاریخی جگہیں موجود ہیں۔
ترکی
ترکی پانچویں نمبر پر ہے اور یورپ و ایشیا کے سنگم پر واقع ہے۔ عثمانی سلطنت کے جانشین کے طور پر یہ مساجد، گرجا گھروں اور قدیم کھنڈرات کے لیے مشہور ہے جو رومی، بازنطینی اور عثمانی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔