اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم، 100 انڈیکس پہلی بار 150,000 کی سطح عبور کرگیا

منگل 19 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز ریکارڈز کا سلسلہ جاری رہا اور سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 150,000 پوائنٹس کی سطح عبور کرلی۔

دوپہر 2 بج کر 35 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 150,031.93 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا، جو کہ 1,835.51 پوائنٹس یعنی 1.24 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

خریداری میں نمایاں دلچسپی آٹوموبائل اسمبلی، کمرشل بینکنگ، سیمنٹ اور فارماسیوٹیکل سیکٹرز میں دیکھی گئی، جبکہ بڑی کمپنیوں جیسے ڈی جی خان سیمنٹ، حبیب بینک لمیٹڈ، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور یو بی ایل کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، انڈیکس میں 600 پوائنٹس کا اضافہ

ماہرین کے مطابق یہ تیزی حکومت کی متوقع گردشی قرضے سے متعلق اصلاحات کی مہم کی خبروں کے باعث ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ توانائی کے شعبے میں لیکویڈیٹی کے مسائل میں کمی آئے گی، یہ مسئلہ طویل عرصے سے ملکی معیشت کے لیے بڑا چیلنج رہا ہے۔

گزشتہ روزیعنی پیرکوبھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 148,196.42 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی منڈیوں میں صورتحال نسبتاً مختلف رہی، منگل کو ایشیائی اسٹاکس اور تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی کیونکہ سرمایہ کارمرکزی بینکوں کے اہم اجلاس اورروس اوریوکرین تنازع کے خاتمے سے متعلق سفارتی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں پر، تیزی کا طوفان مسلسل جاری

یورپ میں ہلکی مثبت پیش رفت ہوئی۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوریورپی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد کہا کہ یوکرین کے لیے سیکیورٹی گارنٹیزآئندہ 10 دنوں میں طے پانے کا امکان ہے۔

جاپان کا نکئی انڈیکس ایک نیا انٹرا ڈے ریکارڈ بنانے کے بعد نیچے آگیا، جبکہ امریکی ڈالراپنی پچھلی سیشن کی مضبوطی برقراررکھے رہا کیونکہ سرمایہ کارفیڈرل ریزرو کی جیکسن ہول، وائیومنگ میں سالانہ کانفرنس سے پالیسی اشاروں کے منتظر ہیں۔

باقی ماندہ ایشیائی حصص کا ایم ایس سی آئی انڈیکس 0.2 فیصد نیچے آیا، جب کہ یورپی مارکیٹس میں یورو اسٹاکس 50 فیوچرز 0.3 فیصد، جرمن ڈیکس 0.2 فیصد اور ایف ٹی ایس ای فیوچرز 0.3 فیصد اوپر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp