سیلابی صورتحال: فیلڈ مارشل کی ہدایت پر پاک فوج اور متعلقہ اداروں کی امدادی سرگرمیاں جاری، 25 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل

منگل 19 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، ڈی جی آئی ایس پی آر اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے مشترکہ پریس بریفنگ میں امدادی کارروائیوں اور موجودہ صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق فیلڈ مارشل کی ہدایت پر فوجی دستے، ریسکیو ٹیمیں اور آرمی ایوی ایشن سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ اب تک 6 ہزار سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے جبکہ میڈیکل بٹالین اور سی ایم ایچ سے بھی ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیمیں خیبرپختونخوا روانہ کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ اربن فلڈنگ کے باعث انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ریلیف سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے اور اب تک 25 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شانگلہ، باجوڑ اور سوات سمیت خیبرپختونخوا میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا تاہم 70 فیصد بحال کر دیا گیا ہے، اور وزیر توانائی خود فیلڈ میں موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلاحی ادارے سرگرم، حکومت غائب

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مالاکنڈ اور بشام روڈ بحال کر دی گئی ہے جبکہ این-90 شاہراہ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اب تک 1200 خیمے متاثرہ علاقوں میں بھیجے جا چکے ہیں اور پمز ہسپتال سے خصوصی میڈیکل ٹیم بھی روانہ کر دی گئی ہے۔ مزید بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بتایا کہ شمالی علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 670 اموات اور ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 17 اگست سے اب تک 25 ہزار متاثرین کو بچایا گیا اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ 23 اگست تک بارشوں کا نیا اور تیز سپیل متوقع ہے، جس کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پی ایم راشن پیکج کے تحت خیبرپختونخوا کے 5 اضلاع میں امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کی جا رہی ہے، جس میں ادویات اور راشن شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 358 افراد جاں بحق، پی ڈی ایم اے رپورٹ جاری

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ شاہراہوں کی بحالی کا 50 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے مکمل سروے کے بعد رپورٹ حکومت کو بھجوائی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پاک فوج اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر ایک بہتر حکمت عملی کے تحت صورتحال سے نمٹ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سب ایک ہیں، نیشنل ریسپانس کے تحت اس آفت پر بھی قابو پا لیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp