شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے بعد فوری طور پر جوہری صلاحیت میں تیز رفتار اضافے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا امریکا اورجنوبی کوریا کی فوجی سرگرمیوں سے قبل طاقت کا مظاہرہ
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کوریئن سینٹرل نیوز ایجنسی نے منگل کو رپورٹ کیا کہ کم جونگ اُن نے ملک کی جوہری طاقت بڑھانے پر زور دیا ہے۔
کم جونگ اُن نے امریکا اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں کو جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشقیں ان ممالک کے دشمنی پر مبنی جارحانہ عزائم کو ظاہر کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ شمالی کوریا فوری طور پر اپنی جوہری تیاریوں کو وسعت دے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مشقوں میں جوہری تناظر بھی شامل ہے جو خطرے کو مزید بڑھاتا ہے۔
مزید پڑھیے: شمالی کوریا کا متعدد قسم کے بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ
اس ہفتے جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا 11 روزہ سالانہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، جنہیں ’الچی فریڈم شیلڈ‘ کہا جاتا ہے۔ ان مشقوں کا مقصد شمالی کوریا کی بڑھتی ہوئی جوہری دھمکیوں کے جواب میں دفاعی تیاریوں کو جانچنا ہے۔
ان مشقوں کا دائرہ کار گزشتہ برس کی مشقوں جیسا ہے تاہم 40 میں سے 20 فیلڈ ٹریننگ ایونٹس کو ستمبر کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا اکثر ان مشقوں کو جارحیت کی تیاری قرار دیتا ہے اور بعض اوقات ان کے جواب میں ہتھیاروں کے تجربات بھی کرتا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: شمالی کوریا کا جارحانہ اقدام، مشرقی ساحل سے پے در پے کروز میزائل داغ دیے
امکان ہے کہ اگلے ہفتے واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے درمیان ہونے والی سربراہی ملاقات میں شمالی کوریا کی جوہری حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔