ٹک ٹاک نے نیا فیچر کیمپس ویریفکیشن متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے یونیورسٹی اور کالج کے طلبہ اپنے ہم جماعتوں کو تلاش اور کنیکٹ کر سکیں گے۔ یہ فیچر فیس بک کے ابتدائی کیمپس ماڈل سے مشابہت رکھتا ہے۔
اس سہولت کے تحت صارفین اپنے پروفائل پر کالج یا یونیورسٹی کا نام اور گریجویشن ایئر شامل کرسکیں گے، جس کے بعد دیگر تصدیق شدہ طلبہ کی فہرست دیکھنا ممکن ہوگا۔
استعمال کے لیے پہلے صارفین کو اپنے پروفائل پر ‘ایڈ اسکول’ بٹن پر کلک کرکے ادارے کا نام اور گریجویشن ایئر درج کرنا ہوگا۔ پھر اپنی تعلیمی ای میل کے ذریعے انرولمنٹ کی تصدیق کی جائے گی۔ ایک بار تصدیق مکمل ہونے پر متعلقہ ادارہ اور سال پروفائل پر ظاہر ہوگا۔ اس کے بعد طلبہ اپنے کیمپس پیج پر جا کر ہم جماعتوں کو ڈھونڈ سکیں گے اور پروفائلز کو مقبولیت کے اعتبار سے ترتیب دے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی، ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی کروڑوں ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں
یہ فیچر یونی ڈیز اسٹوڈنٹ ویریفکیشن پلیٹ فارم کے تعاون سے دنیا بھر کی 6 ہزار سے زائد یونیورسٹیوں میں دستیاب ہے۔
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ اس اپ ڈیٹ کا مقصد طلبہ کے درمیان حقیقی دنیا جیسا رابطہ قائم کرنا ہے۔ تاہم، اس فیچر سے ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے خدشات بھی ہیں۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ فیچر صرف اُن صارفین کے لیے فعال ہوگا جو خود اسے استعمال کرنا چاہیں گے۔
یہ اپ ڈیٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب انسٹاگرام نے بھی 2024 میں ایسا ہی ایک فیچر آزمایا تھا، لیکن اس کی وسیع پیمانے پر لانچنگ کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔