بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاقے مہراولی میں ایک لرزہ خیز قتل کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شوہر نے اپنی بیوی کو مبینہ ناجائز تعلقات کے شبے میں قتل کر کے قبرستان میں دفن کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ بالی ووڈ فلم ’دریشیم‘ کی کہانی سے مشابہ ہے۔
واقعے کی تفصیلات
پولیس کے مطابق ملزم شاداب علی (47)، جو اتر پردیش کے امروہہ کا رہائشی اور پیشے سے پینٹر ہے، نے اپنی 30 سالہ بیوی فاطمہ پر بے وفائی کا شبہ ظاہر کیا۔ اس شبے کے تحت اس نے اپنی بیوی کو 5 روز تک نشہ آور گولیاں اور کیڑے مار دوا کھلائی، جس کے نتیجے میں یکم اگست کو اس کی موت واقع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں بھارت: دانتوں کے ڈاکٹر نے ساس کو قتل کردیا، لاش کے 19 ٹکڑے کرکے مختلف مقامات پر پھینک دیے
اس کے بعد شاداب نے اپنے ساتھیوں شاہ رخ خان اور تنویر کی مدد سے لاش کو کار میں ڈال کر مہراولی کے ایک قبرستان پہنچایا اور دفن کر دیا۔ فاطمہ کے کپڑے ثبوت مٹانے کے لیے نہر میں پھینک دیے گئے۔
الزامات سے بچنے کی کوشش
پولیس کا کہنا ہے کہ جرم کو چھپانے کے لیے شاداب نے ایک منصوبہ بنایا۔ وہ امروہہ واپس چلا گیا اور اپنی بیوی کے موبائل سے اپنے ہی نمبر پر پیغام بھیجا جس میں لکھا تھا کہ فاطمہ کسی اور کے ساتھ بھاگ گئی ہے اور شادی کرنے والی ہے۔ اس طرح وہ یہ ظاہر کرنا چاہتا تھا کہ اس کی بیوی زندہ ہے اور وہ خود ہی گھر چھوڑ چکی ہے۔
پولیس کی تفتیش اور انکشافات
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب فاطمہ کے ایک دوست نے 10 اگست کو مہراولی تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی جس میں شک ظاہر کیا گیا کہ خاتون کو اغوا کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج ملی جس میں فاطمہ اپنے شوہر اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ نظر آئی، تاہم وہ بے ہوشی کی حالت میں دکھائی دے رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے مرد نے پارٹنر اور اسکی 3 سالہ بیٹی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا، لپ اسٹک سے دیوار پر اعتراف جرم تحریر کیا
ابتدا میں شاداب نے جرم سے انکار کیا، تاہم بعدازاں دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کر لیا اور ساری تفصیل بیان کر دی۔
لاش برآمد اور گرفتاریاں
ملزم کے اعتراف کے بعد پولیس نے 15 اگست کو مجسٹریٹ کی نگرانی میں قبرکشائی کی اور فاطمہ کی لاش برآمد کی۔ پولیس نے شاداب، شاہ رخ اور تنویر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک اور ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ اس کے علاوہ جرم میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔














