سینیئر صحافی اور سابق نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کو صدرِ پاکستان کا ترجمان مقرر کردیا گیا۔
صدرِ پاکستان کے سیکریٹری محمد شکیل ملک کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرتضیٰ سولنگی کو فوری طور پر اعزازی بنیادوں پر صدرِ پاکستان کا ترجمان مقرر کیا جاتا ہے، یہ ذمہ داری اگلے احکامات تک برقرار رہے گی۔
A little personal news.
I have been appointed the Spokesperson of the President of Pakistan. I will assume my new responsibilities starting tomorrow.
Thank you.— Murtaza Solangi (@murtazasolangi) August 20, 2025
دوسری جانب مرتضیٰ سولنگی نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا ’ذاتی نوعیت کی ایک خبر ہے، مجھے صدرِ پاکستان کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔ میں کل سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالوں گا، شکریہ۔‘
ریڈیو پاکستان کے سابق ڈائریکٹر جنرل مرتضیٰ سولنگی اگست 2023 سے مارچ 2024 تک نگراں وزیر اطلاعات و نشریات کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ریڈیو پاکستان میں 2008 سے 2013 تک اپنے دور میں انہوں نے 64 نشریاتی یونٹس اور 3 ہزار سے زیادہ ملازمین پر مشتمل ادارے کی نگرانی کی۔
وائس آف امریکا، چائنا ریڈیو انٹرنیشنل اور ڈوئچے ویلے سمیت کئی بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک قائم کیا۔
وہ پہلے پاکستانی ہیں جو ایشیا پیسفک براڈکاسٹنگ یونین کے نائب صدر اور قائم مقام صدر منتخب ہوئے۔
سنہ 2011 میں صدرِ پاکستان کی جانب سے مرتضیٰ سولنگی کو ستارہ امتیاز کے اعزاز سے نوازا گیا۔