میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام پر اے آئی ترجمہ فیچر متعارف کرا دیا

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے دنیا بھر میں تخلیق کاروں کے لیے مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی سے چلنے والا وائس ترجمہ فیچر متعارف کرا دیا ہے جو فیس بک اور انسٹاگرام پر دستیاب ہوگا۔

یہ نیا فیچر تخلیق کاروں کو اپنے مواد کو مختلف زبانوں میں ترجمہ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ میٹا نے اس فیچر کا اعلان گزشتہ سال اپنی سالانہ کانفرنس میٹا کنیکٹ میں کیا تھا جہاں بتایا گیا تھا کہ تخلیق کاروں کی آواز کو ریلز میں خودکار طریقے سے ترجمہ کرنے کا آزمائشی منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:نازیبا گفتگو کرنے پر میٹا کا ’بے قابو‘ اے آئی چیٹ بوٹ زیرعتاب، انکوائری جاری

میٹا کے مطابق اس ٹول میں ایک اختیاری لب سنگ فیچر بھی شامل ہے جس کی مدد سے ترجمہ شدہ آواز کو ویڈیوز میں ہونٹوں کی حرکت کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے۔ فی الحال یہ فیچر صرف انگریزی سے ہسپانوی اور ہسپانوی سے انگریزی ترجمے کے لیے دستیاب ہے تاہم کمپنی نے آئندہ مزید زبانوں کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیچر فیس بک کے ان تخلیق کاروں کے لیے دستیاب ہے جن کے ایک ہزار سے زائد فالوورز ہیں جبکہ انسٹاگرام پر وہ تمام صارفین اسے استعمال کر سکتے ہیں جن کے اکاؤنٹس عوامی ہیں اور جنہیں میٹا اے آئی تک رسائی حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:میٹا کے بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے کارآمد فیچرز، متعدد اکاؤنٹس بلاک

تخلیق کار ویڈیوز شائع کرنے سے پہلے ترجمے کو آن یا آف کر سکتے ہیں اور ساتھ ہی اسے لب سنگ کے ساتھ یا اس کے بغیر دیکھ بھی سکتے ہیں۔ ناظرین کو ریلز پر ترجمہ شدہ بائے میٹا اے آئی کا نوٹس نظر آئے گا اور وہ اپنی سیٹنگز میں ترجمے کو بند بھی کر سکتے ہیں۔

میٹا نے یہ بھی بتایا ہے کہ انسائٹس میں ایک نیا خانہ شامل کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے تخلیق کار یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کی ویڈیوز کو زبان کے حساب سے کتنے ناظرین دیکھ رہے ہیں۔ اس سے انہیں یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ترجمہ ان کے ناظرین کے دائرے کو کس حد تک وسیع کر رہا ہے۔ کمپنی نے تخلیق کاروں کو ہدایت کی ہے کہ بہتر نتائج کے لیے وہ واضح بولیں، کیمرے کی طرف منہ رکھیں اور پس منظر کے شور کو کم کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp