گوگل اپنی نئی پکسل 10 سیریز آج 20 اگست کو میڈ بائے گوگل ایونٹ میں لانچ کر رہا ہے جس سے قبل آن لائن لیکس میں اس کے فیچرز اور متوقع قیمتیں سامنے آئی ہیں۔
اس بار کمپنی کی جانب سے 4 ماڈلز پیش کیے جانے کی توقع ہے جن میں پکسل 10، پکسل 10 پرو، پکسل 10 پرو ایکس ایل اور پکسل 10 پرو فولڈ شامل ہیں، جبکہ ساتھ ہی پکسل واچ 4 اور پکسل بڈز 2 اے بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل پکسل فون استعمال کرنے والوں کے لیے 150 ڈالر حاصل کرنے کا موقع، مگر کیسے؟
لیک رپورٹس کے مطابق پکسل 10 کا آغاز 799 ڈالر سے ہوگا جس میں 128 جی بی ورژن شامل ہے، جبکہ 256 جی بی ماڈل کی قیمت 899 ڈالر ہو سکتی ہے۔ پکسل 10 پرو کی ابتدائی قیمت 999 ڈالر بتائی جا رہی ہے اور اس کے سب سے بڑے 1 ٹی بی ورژن کی قیمت 1449 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
پکسل 10 پرو ایکس ایل کی قیمت 256 جی بی ماڈل کے لیے 1199 ڈالر اور 1 ٹی بی ماڈل کے لیے 1549 ڈالر متوقع ہے۔ پکسل 10 پرو فولڈ سب سے مہنگا فون ہوگا جس کی قیمت 256 جی بی ورژن کے لیے 1799 ڈالر اور 1 ٹی بی ورژن کے لیے 2149 ڈالر بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اب آپ گوگل کی مدد سے گم یا چوری ہونے والے موبائل فون کو تلاش کرسکتے ہیں
گوگل پکسل واچ 4 کی قیمت 41 ملی میٹر وائی فائی ماڈل کے لیے 349 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ ایل ٹی ای ورژن کی قیمت 499 ڈالر ہو سکتی ہے۔ پکسل بڈز 2 اے کی قیمت 129 ڈالر ہوگی۔
تازہ ترین لیکس کے مطابق پکسل 10 پرو میں اعلیٰ معیار کا کیمرا سسٹم شامل ہوگا اور گوگل کی اے آئی ٹیکنالوجی سے چلنے والی فوٹوگرافی فیچرز کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ گوگل کے جیمینائی اے آئی فیچرز براہ راست فون میں شامل کیے جائیں گے جو حقیقی وقت میں ترجمہ، وائس اسسٹنس اور فوٹو ایڈیٹنگ جیسی سہولیات فراہم کریں گے۔