فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے مطابق بلوچستان زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم بشیر احمد کو نادرا آفس ڈبل روڈ اور پاسپورٹ آفس کے قریب کارروائی کے دوران دھر لیا گیا۔ ملزم شہریوں کے لیے جعلی کاغذات تیار کر کے شناختی کارڈ، ب فارم اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنواتا تھا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم شناختی دستاویزات بنوانے کے عوض فی کس 30 سے 40 ہزار روپے وصول کرتا تھا۔ دورانِ تلاشی ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی دستاویزات بھی برآمد کر لی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔