چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای اسلام آباد پہنچ گئے

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اسلام آباد پہنچ گئے۔ دفتر خارجہ میں چین کے وزیرِ خارجہ کا پرتپاک استقبال نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کیا۔

وانگ ای اپنے اس دورۂ پاکستان کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے، جن میں سب سے اہم پاکستان اور چین کے درمیان چھٹا اسٹریٹجک ڈائیلاگ ہے۔ اس ڈائیلاگ میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سی پیک منصوبوں کی پیشرفت، علاقائی سلامتی اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، اسٹریٹجک ڈائیلاگ دونوں ممالک کے درمیان قریبی شراکت داری کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک چین صدور ملاقات کا اعلامیہ جاری، سی پیک، دفاع سمیت کئی اہم امور پر اتفاق

تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ ملاقات پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں جاری بدلتی صورتحال کے تناظر میں نئی سمت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

قبل ازیں چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی کے پولیٹ بیورو کے رکن وانگ یی 18 سے 19 اگست تک بھارت کے دورے پر پہنچے۔ اس دورے کا مقصد بھارت اور چین کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی میں کمی لانا، تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات کرنا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے متوقع دورہ چین کے لیے راہ ہموار کرنا تھا۔

بھارتی وزیر خرجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کے دوران  چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین اور بھارت کو درست اسٹریٹجک فہم پیدا کرتے ہوئے ایک دوسرے کو حریف کے بجائے شراکت دار کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، سی پیک و علاقائی تعاون پر گفتگو

چینی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وانگ ای نے کہا کہ چین بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات اور باہمی مفاد کے اصول کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے سرحدی امن، تجارت اور دوطرفہ روابط پر بات چیت کی۔

بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے کہا کہ ہماری بات چیت میں تجارت، یاترا، عوامی روابط، دریائی اعداد و شمار کی شراکت، سرحدی تجارت، رابطہ کاری اور دوطرفہ تبادلوں پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ یہ گفتگو دونوں ممالک کے درمیان ایک مستحکم، تعمیری اور مستقبل بین تعلقات میں مدد دے گی۔

وانگ ای کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر روابط اور مکالمے بتدریج بحال ہو رہے ہیں اور تعلقات دوبارہ تعاون کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چین اور بھارت بڑے ممالک ہونے کے ناتے ترقی پذیر دنیا کے لیے اتحاد اور خود انحصاری کی مثال قائم کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp