حمیرا اصغر کی موت پر یوٹیوبرز کے تبصرے، اداکارہ کے فیشن اسٹائلسٹ دانش مقصود بول پڑے

جمعہ 22 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تفتیش جاری ہے، بیانات قلمبند ہوچکے ہیں، لیکن اس کیس میں بھی یوٹیوبرز نے اپنے ویوز کے لیے جو منہ میں آیا کہہ ڈالا، یہاں تک کہ حمیرا اصغر کے فیشن اسٹائلسٹ دانش مقصود کو بھی نہیں بخشا۔

دانش مقصود نے وی نیوز کو بتایا کہ حمیرا اصغر کیس کی تفتیش چل رہی ہے اور میں امید کرتا ہوں اس کیس کا کوئی حل ضرور نکلے گا کیوں کہ پولیس ہر زاویے سے اس کیس کو دیکھ رہی ہے۔

دانش مقصود کا کہنا ہے کہ میرے حوالے سے غائب ہونے والی خبریں درست نہیں ہیں، میری طبعیت خراب تھی، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں کیمرے کے پیچھے رہنے ولا شخص ہوں اور اچانک کیمروں کے سامنے آنا اور اتنے سوالات کے جوابات دینا، پھر حمیرا کی ایسی موت نے مجھے بیمار کردیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگوں نے انٹرویوز کا کہا لیکن میری صحت اس چیز کی اجازت نہیں دے رہی تھی اور منع کرنے والوں کو یہ لگا شاید میں غائب ہوگیا ہوں۔ یوٹیوب پر بہت سے لوگوں نے یہ کہنا شروع کردیا کہ میں غائب ہوگیا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ لاکھوں سبسکرائبرز والے یوٹیوبرز نے میرے بارے میں عجیب باتیں کیں۔ میں تھمب نیل دیکھ دیکھ کر پریشان ہوگیا ہوں اور یہی وجہ ہے کہ ایسی صورت کو دیکھتے ہوئے لوگ پھر آگے نہیں آتے جبکہ انہیں آگے آنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پولیس نے بیان کے لیے بلایا تھا بیان کے لیے آئندہ بھی بلائیں گے تو جاؤں گا۔ ڈی آئی جی نے مجھ سے دو بار کال پر بات کی ہے۔ پولیس کا کام تفتیش کرنا ہے۔ ان کو کرنے دیں یو ٹیوب پر بیٹھ کر کچھ بھی بولنا آسان ہے لیکن ایسے یوٹیوبرز کے خلاف ایف آئی اے کو کارروائی کرنی چاہیے۔

دانش مقصود کا کہنا ہے کہ ہم نے حمیرا اصغر کے لیے آواز بہت پہلے اٹھائی لیکن جب ہمارے نمبرز بلاک ہوگئے تو ہم بھی پیچھے ہوگئے، ہم نے اپنے میگزین میں حمیرا کے حوالے سے مسنگ کی پوسٹ لگائی تھی اس پوسٹ سے پہلے ہم انہیں کالز بھی کرتے رہے لیکن جب کال نہیں اٹھائی تو ہم نے پوسٹ لگا دی، اس پوسٹ کے اگلے دن ہمیں بلاک کردیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں حمیرا اصغر کی موت کو فطری قرار دیا گیا تھا جو اب نہیں ہے، گھر میں اتنی بڑی مقدار میں سمدری نمک کی موجودگی، حمیرا کا وہ فون غائب ہے جس سے ہماری اس سے بات ہوا کرتی تھی۔

’بھارت میں تھوڑا سا کچھ ہوتا ہے فواد خان پوسٹ لگا دیتے ہیں، حمیرا اصغر کی موت پر کوئی پوسٹ نہیں لگائی، ہانیہ عامر کی دو ماہ سے پنجابی فلم کا جشن نہیں ختم ہو رہا۔ انہوں نے بھی اس پر کوئی بات نہیں کی سوائے عائشہ عمر کے کسی بڑے اداکار نے حمیرا اصغر کی موت پر بات نہیں کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp