امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں تمام غیر ملکی کمرشل ٹرک ڈرائیورز کے لیے ورک ویزے فوری طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام فلوریڈا میں پیش آئے ایک مہلک حادثے کے بعد کیا گیا ہے، جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے امریکا میں الیکٹرک گاڑیوں کا ہدف بھی صدر ٹرمپ کے نشانے پر آگیا
رپورٹس کے مطابق بھارتی شہری ہرجندر سنگھ نے فلوریڈا کی ہائی وے پر غیر قانونی یو ٹرن لیا جس کے نتیجے میں ایک خوفناک تصادم ہوا اور 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق ہرجندر سنگھ کے پاس درست دستاویزات نہیں تھیں، وہ انگریزی زبان سے نابلد تھا اور اس پر غیر ارادی قتل (Vehicular Homicide) کے 3 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
Effective immediately we are pausing all issuance of worker visas for commercial truck drivers.
The increasing number of foreign drivers operating large tractor-trailer trucks on U.S. roads is endangering American lives and undercutting the livelihoods of American truckers.
— Secretary Marco Rubio (@SecRubio) August 21, 2025
حکومتی موقف
وزیرِ خارجہ روبیو نے کہا کہ یہ حادثہ ہمارے لیے ایک وارننگ ہے۔ ہمیں امریکی عوام کی جانوں کی حفاظت کرنی ہے اور یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ امریکی ٹرک ڈرائیورز کے روزگار پر غیر ملکی ڈرائیورز کے باعث خطرہ نہ آئے۔
یہ بھی پڑھیے امریکا میں ڈرائیور نے چاکلیٹ اور کریمل سے بھرا ٹرک مین شاہراہ پر کیوں الٹ دیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ حادثے نے یہ واضح کر دیا ہے کہ موجودہ نظام میں خامیاں ہیں، خاص طور پر زبان کی اہلیت اور حفاظتی قوانین کی پاسداری کے حوالے سے۔
حالیہ اقدام کا پس منظر
رواں سال اپریل 2025 میں صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا، جس کے تحت کمرشل ڈرائیورز کے لیے انگریزی زبان پر عبور لازمی قرار دیا گیا تھا۔ حالیہ حادثے نے اس حکم پر عمل درآمد کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے امریکا: ٹرک کے ٹائروں کے بیچ پھنسے بلی کے بچے کو کیسے بچایا گیا؟
وسیع تر ویزہ پالیسی اقدامات
امریکی انتظامیہ نے اسی ہفتے ایک اور بڑی پالیسی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ملک میں موجود 5 کروڑ 50 لاکھ ویزہ ہولڈرز کی مسلسل جانچ (Continuous Vetting) کی جائے گی۔ اس عمل میں ویزہ رکھنے والوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، کریمنل ریکارڈ اور دیگر معلومات کو پرکھا جائے گا تاکہ کسی بھی خطرے یا خلاف ورزی کی صورت میں ویزا منسوخ کیا جا سکے۔














