گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں اچانک آنے والی سیلابی صورتحال کے بعد پاک فوج نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
اطلاعات کے مطابق ضلع غذر کے گاؤں روشان تلی داس میں اچانک گلیشیئر جھیل پھٹنے کے نتیجے میں سیلابی ریلہ آیا، جس کے باعث کئی راستے بند ہوگئے اور درجنوں خاندان محصور ہو کر رہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان: راؤشن میں گلیشیئر پھٹنے سے سیلابی صورتحال، وزیر اعلیٰ و پاک فوج متحرک
پاک فوج نے فوری طور پر علاقے میں ریسکیو آپریشن شروع کیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کارروائی کی۔ اس دوران بچوں، خواتین اور بزرگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔
علاقہ مکینوں اور عمائدین نے پاک فوج کے بروقت اور مؤثر ریسکیو آپریشن کو سراہتے ہوئے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ادھر انتظامیہ اور فوجی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غذر گلگت بلتستان: سیلاب کے دوران چرواہوں کی بروقت اطلاع سے سینکڑوں زندگیاں کیسے بچ گئیں؟
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں گلیشیئر پھٹنے سے دریائے غذر بند ہوگیا، جس سے زیریں علاقوں کو خطرہ لاحق ہوگیا، جس کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔