سابق وزیرِاعظم عمران خان کے بھانجے شاہریز خان اور شیر شاہ خان کو 9 مئی کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ دونوں عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے ہیں۔ شاہریز خان علیمہ خان کے بڑے بیٹے جبکہ شیر شاہ خان چھوٹے بیٹے ہیں۔
وی نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ شیر شاہ خان اور شاہریز خان کون ہیں؟ انہوں نے تعلیم کہاں سے حاصل کی اور وہ کس شعبے سے منسلک ہیں؟
یہ بھی پڑھیے میرے بیٹے کو مسلح نقاب پوش گھر سے اٹھا کر لے گئے، علیمہ خان کا الزام
شاہریز خان، جو علیمہ خان کے بڑے بیٹے ہیں، لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج سے حاصل کی۔ بعد ازاں آکسفورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا۔ اس وقت وہ آسٹریلیا میں واقع ایک بڑی لینن سپلائی کمپنی ’سمبا گلوبل‘ میں ریجنل ہیڈ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ، علیمہ خان کا ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کا بزنس بھی ہے جس میں شاہریز خان مختلف ذمہ داریوں کے ساتھ شریک رہے ہیں۔ شاہریز خان 9 مئی کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ملزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیے علیمہ خان کا دوسرا بیٹا شیر شاہ خان بھی گرفتار
علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان پیشے کے لحاظ سے کنسلٹنٹ ہیں اور اپنی والدہ کے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے کاروبار میں پارٹنر ہیں۔ شیر شاہ خان بھی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ملزم ہیں۔