روس نے اپنے آئندہ چاند اور زہرہ (Venus) کے مشنز کو مزید مؤخر کرتے ہوئے ان کے اوقات کار آگے بڑھا دیے ہیں۔ روسی اکیڈمی آف سائنسز (RAS) کے سربراہ گینادی کراسنیکوف کے مطابق، اب لونا-26 (Luna-26) آربیٹر کو 2028 میں اور وینرا-ڈی (Venera-D) مشن کو 2036 میں بھیجا جائے گا۔
لونا-26 مشن کا مقصد چاند پر موزوں لینڈنگ سائٹس کی تلاش ہے، جب کہ وینرا-ڈی مشن کا ہدف زہرہ کے انتہائی سخت ماحولیاتی حالات کا مطالعہ اور سادہ حیاتیاتی نشانات کی تلاش بتایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے 50 سال بعد روس کا خلائی مشن چاند کے لیے روانہ
روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس (Roscosmos) نے تاحال نئی تاریخوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ اس سے قبل سابق سربراہ یوری بوریسوف نے کہا تھا کہ لونا-26 کو 2027 میں لانچ کیا جائے گا، جب کہ لونا-27 اور لونا-28 کو 2028 اور 2030 یا اس کے بعد بھیجنے کا منصوبہ تھا۔ وینس مشن کو پہلے 2034-35 کی ونڈو کے لیے مؤخر کیا گیا تھا لیکن اب یہ مزید تاخیر کا شکار ہو کر 2036 تک پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے امریکا، روس اور بیلا روس کا خلائی مشن کامیابی کے ساتھ زمین پر پہنچ گیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ خلائی تحقیقاتی ادارہ مشن پر کام کرنے والی کمپنی این پی او لاووچکینا (NPO Lavochkina) پر دباؤ ڈالنے سے گریز کر رہا ہے تاکہ پراجیکٹ کے معیار پر سمجھوتہ نہ ہو۔ کمپنی لونا پروگرام کے نصف سے زائد آلات تیار کر رہی ہے، اور حکومت نے ادارے کو جدید بنانے کے لیے نمایاں فنڈز مختص کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے روس کے خلائی مشن کی چاند پر کرش لینڈنگ کی اصل وجہ کیا تھی؟
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست 2023 میں روس کا لونا-25 مشن لینڈنگ سے قبل حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جب کہ روس کی آخری کامیاب چاند پر لینڈنگ 1976 میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد سوویت یونین نے وینس کی تلاش اور میر اسپیس اسٹیشن پر توجہ مرکوز کی تھی۔ سوویت یونین کا وینرا پروگرام اب تک واحد کامیاب مشن ہے جس نے زہرہ پر پروب اتارا تھا، جس کا آغاز 1970 میں ہوا تھا۔