پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے 6 معاہدوں پر دستخط

اتوار 24 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ڈھاکا کے سرکاری دورے کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو نئی سمت دینے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، نائب وزیراعظم اور بنگلہ دیشی مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔ جبکہ 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈھاکا میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار اور بنگلہ دیشی مشیر خارجہ نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان، بنگلہ دیش کا چاول کی تجارت سے متعلق ابتدائی معاہدے پر اطمینان کا اظہار

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جن میں اعلیٰ سطحی دوروں کا تبادلہ، تجارتی و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تعلقات، تعلیمی میدان میں شراکت داری، استعداد کار میں اضافہ اور انسانی ہمدردی سے جڑے معاملات شامل تھے۔

یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان تجارت و معیشت، سفارت کاروں کی تربیت، تعلیمی تعاون، میڈیا پارٹنرشپ اور ثقافتی روابط کو مزید ادارہ جاتی شکل دیں گے اور دو طرفہ تعلقات کو نئی وسعت عطا کریں گے۔

اس موقع پر علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔ گفتگو میں سارک کو دوبارہ فعال بنانے، فلسطین کے مسئلے اور روہنگیا مسلمانوں کے بحران کے حل پر بھی غور کیا گیا۔

گفت و شنید مثبت ماحول میں ہوئی، جو دونوں ملکوں کے مابین دوستانہ تعلقات کی جھلک تھی۔ دونوں رہنماؤں نے تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ بنگلہ دیشی مشیر خارجہ نے اسحاق ڈار کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے بنگلہ دیش کے مشیر تجارت شیخ بشیر الدین کے ساتھ ناشتے پر ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی شریک تھے۔

اس ملاقات میں اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے پر گفتگو کی گئی۔ دونوں جانب سے تجارت کے فروغ اور روابط کو مزید موثر بنانے پر زور دیا گیا۔

ڈھاکا میں قیام کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں بھی شرکت کی۔

اس تقریب میں انہوں نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے ملاقات کی جن میں حکومتی مشیران، بیوروکریٹس، سیاسی رہنما، وائس چانسلرز، دانشور، تھنک ٹینکس کے ارکان، صحافی، کھلاڑی، فنکار اور ریٹائرڈ فوجی افسران شامل تھے۔

اپنے خطاب میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام، بنگلہ دیشی عوام کے لیے برادرانہ جذبات رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ روایات، اسلامی ورثے، سماجی اقدار اور ادبی رشتوں پر قائم ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بنگلہ دیشی عوام کے لیے خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مستقبل پر نظر رکھنے والے تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین 6 معاہدے اور یادداشتیں طے پاگئیں جن میں سفارتکاروں اور سرکاری افسران کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پاک بنگلہ دیش فارن سروس اکیڈمی کے درمیان تعاون کی یادداشت طے پائی، اسی طرح ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان بھی ایم او یو پر دستخط ہوئے۔

اسلام آباد کے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اور ڈھاکا کے بنگلہ دیش انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹیجک اسٹڈیز نے بھی باہمی تعاون کی دستاویز پر دستخط کیے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش نے مشترکہ طور پر نالج کوریڈور منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے تحت 500 بنگلہ دیشی طلبہ کو وظائف اور 100 سول سرونٹس کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا کہ آئندہ 5 برس میں 500 بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپس دیے جائیں گے جن میں سے ایک چوتھائی وظائف میڈیکل تعلیم کے لیے مختص ہوں گے۔

اسی منصوبے کے تحت 100 سول سرونٹس کے لیے تربیتی پروگرام شروع کیا جائے گا، جبکہ پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے وظائف کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار گزشتہ روز نور خان ایئر بیس سے ڈھاکا روانہ ہوئے تھے، اور وہاں پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: اسحاق ڈار کا دورہ بنگلہ دیش: سیاسی جماعتوں کے وفود سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ تقریباً 13 برس بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ نے ڈھاکا کا دورہ کیا ہے۔

اس سے قبل 2012 میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بنگلہ دیش کا مختصر دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے وزیراعظم شیخ حسینہ کو اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی دعوت دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp