وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں 300 قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنانے والے مقامی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اسلام آباد مدعو کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: غذر کا چرواہا وصیت خان ہیرو بن گیا، وزیراعظم کی جانب سے خراج تحسین
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے چرواہے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وزیر اعظم ہاؤس بلایا گیا ہے۔
وزیراعظم ان بہادر افراد کو بروقت اطلاع دے کر سیکڑوں افراد کی زندگیاں بچانے کے اعتراف میں خصوصی انعام سے نوازیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ وصیت خان، انصار اور محمد خان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی فرض شناسی اور بہادری سے شاندار مثال قائم کی۔
وزیر اعظم نے مزید کہاکہ گلگت بلتستان کے ان تینوں سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور میں ذاتی طور پر بھی انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ غذر میں گلیشیئر ٹوٹنے کی بروقت اطلاع دینے والے چرواہے وصیت خان کو ڈی آئی جی پولیس کی جانب سے 10 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند بھی دی گئی تھی۔
چرواہے وصیت خان نے گاؤں والوں کو بروقت گلیشیئر پھٹنے کی اطلاع دی جس کے نتیجے میں درجنوں خاندان محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے اور سیکڑوں زندگیاں بچ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: غذر گلگت بلتستان: سیلاب کے دوران چرواہے کی بروقت اطلاع سے سینکڑوں زندگیاں کیسے بچ گئیں؟
وصیت خان کی اطلاع کے بعد گاؤں تالی داس میں فوری طور پر مکانات خالی کرائے گئے اور قریباً 200 سو افراد کو قریبی بلند مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ جب بعد میں سیلاب آیا تو مکانات تو متاثر ہوئے مگر کوئی جانی نقصان پیش نہ آیا۔