سرگودھا کے نواحی علاقے میں معمولی گھریلو جھگڑے پر بیوی کی ٹانگ کاٹنے والے ملزم کو پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت مظہر کے نام سے ہوئی ہے جس نے اپنی 22 سالہ بیوی اقرا بی بی کو گھریلو تنازع کے دوران باندھ کر گوشت کاٹنے والے آلے سے ٹانگ کاٹ دی اور موقع سے فرار ہوگیا۔ خاتون کو ریسکیو 1122 کی مدد سے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سابق ٹیسٹ کرکٹر گھریلو تشدد کے الزام میں گرفتار
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا۔ پولیس کے مطابق مظہر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سرگودھا چک 75 ساؤتھ کے قریب پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتا رہا۔ تاہم سرچ آپریشن کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ملزم کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔