غزہ: اسرائیل کا النصر اسپتال پر حملہ 4 فلسطینی صحافیوں سمیت 14 شہید

پیر 25 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جنوبی غزہ کے النصراسپتال پر بمباری میں کم از کم 14 افراد شہید ہو گئے ہیں، جن میں 4 فلسطینی صحافی بھی شامل ہیں۔

غزہ کی سرکاری میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ ناصر اسپتال پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں میں 4 صحافی بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا: ناصر اسپتال کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں چار صحافیوں کی شہادت کے اعلان کے بعد شہید صحافیوں کی تعداد بڑھ کر 244 ہو گئی ہے۔

میڈیا آفس نے شہید صحافیوں کے نام جاری کیے:

حسام المصری(فوٹو جرنلسٹ، رائٹرز)، محمد سلامہ(فوٹو جرنلسٹ الجزیرہ)، مریم ابو دقہ(متعدد اداروں سے وابستہ صحافی) اور  معاذ ابو طہ(این بی سی نیٹ ورک)۔

یہ بھی پڑھیے مریم ابو دقہ، اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والی خاتون صحافی کون ہیں؟

بیان میں مزید کہا گیا ’یہ صحافی ساتھی اس وقت شہید ہوئے جب اسرائیلی قبضہ کاروں نے خان یونس گورنریٹ کے ناصر اسپتال میں کوریج کے دوران موجود صحافیوں کے ایک گروپ کو بمباری کا نشانہ بنایا۔ اس خوفناک جرم میں کئی دیگر افراد بھی شہید ہوئے۔‘

غزہ کے حکام نے الزام عائد کیا: ’ہم اسرائیلی قبضے، امریکی انتظامیہ اور اُن ممالک کو—جو اس نسل کشی کے جرم میں شریک ہیں جیسے برطانیہ، جرمنی اور فرانس—ان بربریت پر مبنی سنگین جرائم کے ارتکاب کا مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔‘

قحط اور بچوں کی اموات

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں دوا، خوراک اور سہولیات کی شدید کمی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کی مسلط کردہ قحط کے باعث بچوں کو بھوک سے مرنے سے نہیں روک پا رہے۔

غزہ شہر میں محاصرے کا دائرہ

اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے بڑے حصوں، خصوصاً زیتون اور صبرہ کے محلّوں میں حملے تیز کر دیے ہیں۔ مقصد شہر پر قبضہ اور آبادی کو مزید جنوب کی طرف دھکیلنا بتایا جا رہا ہے۔

یمن کے دارالحکومت پر حملہ

ادھر یمن میں حوثی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملوں میں دارالحکومت صنعا کے صدارتی محل اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد شہید اور 86 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی جنگ کا مجموعی انسانی نقصان

غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں میں اب تک 62,622 فلسطینی شہید اور 157,673 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے زیر قیادت حملوں میں 1,139 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے جبکہ 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp