ایف آئی اے کے نام پر جعلی ایف آئی آرز بھیجنے کا انکشاف

پیر 25 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد نے انکشاف کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر شہریوں کو واٹس ایپ پر ایف آئی اے کے نام سے جعلی ایف آئی آرز بھیج کر ہراساں کر رہے ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق، یہ عناصر فرضی نام اور جعلی شناخت استعمال کرتے ہوئے خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کرتے ہیں اور شہریوں کو ’سائبر کرائمز‘ اور ’دہشتگردی‘ جیسے سنگین الزامات لگا کر بلیک میل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جعلی ایف آئی آرز میں شہریوں کو نامزد کر کے انہیں خوف و ہراس میں مبتلا کیا جاتا ہے۔

ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ ایف آئی آر یا کوئی بھی قانونی نوٹس کبھی بھی واٹس ایپ یا غیر سرکاری ذرائع سے جاری نہیں کیا جاتا۔

ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے کسی بھی مشکوک پیغام یا رابطے کی فوری اطلاع نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی کو دی جائے، جو کہ سائبر کرائم کی تحقیقات کے لئے مجاز ادارہ ہے۔

مزید برآں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور مالیاتی معلومات کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ہرگز نہ دیں اور جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں۔

ایف آئی اے نے اس حوالے سے ایک ہیلپ لائن بھی فراہم کی ہے جہاں شہری مزید معلومات یا شکایات درج کرا سکتے ہیں:
ایف آئی اے ہیلپ لائن: 1991

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp