چین میں ایک ڈلیوری بوائے نے خون سے لکھا گیا ہنگامی نمبر دیکھ کر خاتون کو موت سے بچالیا۔
چین کے صوبے سچوان کے شہر لی شان میں ایک 19 سالہ یونیورسٹی طالب علم ژانگ کن، جو موسمِ گرما کی چھٹیوں میں بطور ڈلیوری بوائے کام کر رہا تھا، نے حاضر دماغی دکھاتے ہوئے ایک خاتون کی جان بچالی۔
یہ بھی پڑھیں: زندہ دفن کی جانے والی نومولود کی زندگی کیسے بچائی گئی؟
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 12 اگست کو ژانگ نے ایک سڑک پر ایک سفید تکیہ دیکھا جس پر خون سے ہنگامی نمبرز ’110‘ اور ’625‘ لکھے گئے تھے۔ اس نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے یہ اشارہ ڈیکوڈ کیا اور پتا لگایا کہ یہ پیغام ایک ہوم اسٹے کی 25ویں منزل سے آیا ہے۔
مزید تفتیش پر معلوم ہوا کہ ایک خاتون، جس کا خاندانی نام ژاؤ بتایا گیا، 30 گھنٹے سے اپنے بیڈ روم میں پھنس کر رہ گئی تھی۔ ہوا کے جھونکے سے دروازہ بند ہوگیا اور خراب لاک کے باعث وہ باہر نہ نکل سکی۔ بدقسمتی سے اس کا موبائل فون اور کھانے پینے کا سامان کمرے سے باہر رہ گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بہن کو بچانے کے لیے مگرمچھ سے بھڑجانے والی بہادر برطانوی خاتون کا دلچسپ قصہ
مجبور ہو کر اس نے اپنے دانتوں سے ہاتھ کی انگلی کاٹی اور اپنے ہی خون سے تکیے پر ہنگامی نمبر لکھے اور اسے کھڑکی سے نیچے پھینک دیا، جسے ژانگ نے دیکھ لیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دروازہ توڑ کر خاتون کو بچایا۔
خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو دیکھ کر وہ ایسے خوش ہوئی جیسے اپنے گھر والوں کو دیکھ رہی ہو۔ اس نے ژانگ کو انعامی رقم دینے کی بھی کوشش کی لیکن اس نے لینے سے انکار کر دیا۔
بعد ازاں یہ خبر چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ژانگ کے ادارے ’می توان‘ نے اسے اعزازی ٹائٹل پاینیر رائیڈر دیا اور 2ہزار یوآن انعام بھی دیا۔














