وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دریائے چناب، دریائے ستلج اور دریائے راوی میں شدید سیلاب کے خدشات کے پیش نظر وفاقی وزرا کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعظم نے وزرا کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اور وہاں جاری امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کریں۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے چناب، راوی اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، سیالکوٹ میں بارش کا 11 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
انہوں نے کہاکہ وفاقی وزرا اپنے متعلقہ حلقوں میں موجود رہیں اور انخلا، ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی خود نگرانی کریں تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو حکم دیا کہ وہ پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور متاثرہ علاقوں کے عوام کو پیشگی اطلاع دینے کے ساتھ ساتھ خطرے سے دوچار افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لیتے رہیں اور ریسکیو و ریلیف کی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اداروں کے درمیان باہمی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تاخیر نہ ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دریائی گزرگاہوں کے کنارے رہائش پذیر افراد کی فوری منتقلی کے عمل کو مؤثر اور تیز بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔