وزارتِ خارجہ پاکستان نے اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں غزہ کے شہر خان یونس کے ناصر اسپتال کو نشانہ بنایا گیا۔
اس حملے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے جن میں چار صحافی اور ایک ریسکیو ورکر بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ کی صورتحال پر جدہ میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس، پاکستان نے 7 مطالبات پیش کردیے
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایک اسپتال پر حملہ نہ صرف انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ آزادیِ صحافت پر بھی براہِ راست حملہ ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ان جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے اور اس کی بے گناہ شہریوں پر بلاجواز کارروائیوں کو روکا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان شام میں اسرائیلی افواج کی کارروائی کی بھی سخت مذمت کرتا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ کے حوالے سے او آئی سی اجلاس میں سعودی عرب کا کردار لائق تحسین ہے: فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر زید
پاکستان نے شام کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے۔