مریم نواز کسی کے باپ کے خرچ پر اپنے بچوں کو جاپان لے کر نہیں گئیں، عظمیٰ بخاری

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کسی کے باپ کے خرچ پر اپنے بچوں کو جاپان کے دورے پر لے کر نہیں گئیں، انہوں نے اپنے خاندان کے لوگوں پر پاس سے خرچ کیا۔

’وی نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرکاری وفد میں 4 صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، 2 سیکریٹریز اور ذاتی اسٹاف موجود تھا، یہ 16 رکنی وفد تھا۔ ’کسی بھی ملک کے سرکاری دورے کا باقاعدہ آڈٹ ہوتا ہے، ہم ایک ایک پیسے کا حساب دیں گے۔‘

یہ بھی پڑھیں: سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرلیے، عظمیٰ بخاری

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بچوں پر خرچ اپنے اکاؤنٹ سے کیا، مریم نواز خزانے سے اپنی تنخواہ بھی نہیں لیتیں۔

ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہاکہ دورہ جاپان پر ہونے والے اخراجات کی تفصیل اس وقت سامنے آ جائےگی، جب ہم بل جمع کرائیں گے۔

’وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں تو اس میں کیا برائی ہے، وہ 16،16 گھنٹے کام کرتی ہیں، کوئی چھٹی بھی نہیں کرتیں، انہوں نے جو خرچ کیا کسی کے باپ کے پیسے سے نہیں کیا۔‘

’جیسا دیس ویسا بھیس ہوتا ہے‘

انہوں نے کہاکہ لوگوں کی جانب سے ہر بات پر تنقید کی جاتی ہے، میرے کپٹروں پر تنقید ہوئی۔ اب میری مرضی جو بھی زیب تن کروں کسی کے باپ کی جیب سے کچھ نہیں لیتی، سوشل میڈیا پر کوئی کچھ بھی کہتا رہے مجھے فرق نہیں پڑتا۔ ’جن کی مائیں کپڑے پہننا پسند نہیں کرتیں، اور ان کی بچیاں کپڑے نہیں پہنتی، وہ مجھے بتائیں گے کہ میں نے کون سے کپڑے پہنے ہیں۔‘

انہوں نے کہاکہ میں نے جو ڈریسنگ کی تھی، عربی خواتین پروفیشنلی ایسی ڈریسنگ کرتی ہیں، جاپان میں جو کپڑے میں نے پہنے وہ تین چار سوٹ اس طرح کے سلوائے ہیں، دیکھوں گی کہ کہاں پہننے ہیں۔

’نئے صوبے کسی کی ذاتی خواہش پر نہیں بنائے جائیں گے‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گوہر اعجاز اگر نئے صوبے بنانے کے حوالے سے کسی کمیٹی کی سربراہی کررہے ہیں تو کرتے رہیں، یہ ایک شوشہ چھوڑا گیا ہے، پنجاب حکومت میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کیا چاہتی ہیں یا نہیں ابھی اس پر بھی کوئی بات نہیں ہوئی۔

عظمیٰ بخاری نے کہاکہ اس وقت پنجاب کے اندر سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے، حکومت کا مقصد ہے کہ کس طرح لوگوں کو ریلیف دیا جائے، پنجاب کے جن اضلاع میں سیلاب آیا ہوا ہے وہاں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

’پنجاب حکومت نے لوگوں کو بروقت نکال لیا تھا‘

انہوں نے کہاکہ سیلاب کی وجہ سے دریائے ستلج کے ساتھ جو اضلاع ہیں وہاں زیادہ نقصان ہوا ہے، جن میں قصور، بہاولنگر، بہاولپور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی شامل ہیں۔  ضلع قصور میں 72 گاؤں زیر آب آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں فلڈ ایمرجنسی زیر غور، مری میں نواز، شہباز اور مریم نواز کی غیر معمولی مشاورت

وزیراطلاعات نے کہاکہ پنجاب جن جگہوں پر سیلاب ہے وہاں پر ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اس کی وجہ یہ ہے کہ صوبائی حکومت نے بروقت لوگوں کو نکال لیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp