آج رات شاہدرہ کے علاقے میں بڑا خطرہ، لوگوں کا بروقت انخلا یقینی بنایا جائے، مریم نواز کی ہدایت

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث آج رات راوی میں شاہدرہ کے علاقے میں بہت خطرہ ہے، انتظامیہ لوگوں کا بروقت انخلا یقینی بنائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں سیلاب کی صورتحال پر کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریسکیو حکام، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنز کی سیلاب زدہ علاقوں میں سرگرمیوں کو سراہتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ سیالکوٹ میں بہت پانی آیا، ناروال میں کرتارپورہ ڈوب گیا، گجرات میں صورتحال تشویشناک تھی، یہ ایک غیر متوقع صورتحال ہے کیوں کہ 38 سالوں کے بعد اس طرح کی فلیش فلڈنگ  ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرہ ہر خاندان کی بحالی مشن: مریم نواز کا راوی پل کا دورہ، صورت حال کا جائزہ لیا

انہوں نے کہا کہ اس تشویشناک صورتحال کی 2 وجوحات ہیں، ایک یہ کہ مون سون قبل از وقت شروع ہوا اور غیر متوقع زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، 3 مہینوں تک بارش ہوتی رہی، کئی جگہوں پر بارش کچھ گھنٹوں کے لیے رکتی تھی پھر شروع ہوجاتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے ڈیمز کی گنجائش جب فل ہوگئی تو انہوں نے پانی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے اچانک اتنا زیادہ پانی آیا ہے، اس کے باوجود پی ڈی ایم اے نے بہترین کام کیا ہے، ابھی ڈی جی پی ڈی ایم اے ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ 2023 میں سیلاب سے اس سے زیادہ نقصان ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ نقصان جو بھی ہو، سب کو افسوس ہے نقصان کا لیکن پنجاب میں پی ڈی ایم اے نے جو پیشگی تیاری کی تھی وہ قابل ستائش ہے، ستلج، چناب اور راوی میں غیر متوقع پانی آیا ہے، اس اچانک آئے پانی کے ڈرین ہونے کی کوئی جگہ بھی نہیں ہے، جس کے بعد بہت سارے علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیالکوٹ میں صورت حال تشویشناک ہوگئی، ہیڈ مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے، آج رات راوی اور شادرا میں خطرہ ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز لاہور کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تیاریاں مکمل رکھیں، جہاں خطرہ ہے وہاں لوگوں کا انخلا کریں، ریلیف کیمپس کا ماحول بہتر رکھیں، وہاں کھانے کا بندوبست بہتر ہو، ادویات لوگوں کو مہیا کریں۔

انہوں نے ہیلتھ سیکریٹیز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ اسپتال تمام سیلاب زدہ علاقوں میں بھیج دیں، جلد کی بیماریوں کا خطرہ ہے، ڈینگی کا بھی خطرہ موجود ہے کیوں کہ جہاں پانی زیادہ دیر رہے وہاں ڈینگی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خسرہ اور ہیضہ کی بیماریاں بھی پھیل سکتی ہیں، ان بیماریوں کی دواؤں کا اسٹاک موجود ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کرے تاکہ اگر کہیں آؤٹ بریک ہوتو پہلے سے انتظامات موجود ہوں، تمام اضلاع میں صورتحال کو مانیٹر کیا جائے، لوگوں کو آگاہی دی جائے، ارلی واننگ سسٹم کو کارآمد بنائیں، لوگوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے دور رکھیں اور ویڈیوز بنانے سے روکیں، لوگوں کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلابی صورتحال: وزیراعظم کی صدارت میں ہنگامی اجلاس، اہم فیصلے

انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے لائیو اسٹاک کا اتنا نقصان نہیں ہوا، فصلوں کا جو نقصان ہوا ہے اس کے لیے ڈی سیز کو ہدایت کروں گی کہ وہ لوگوں کے گھروں، لائیو اسٹاک اور فصلوں کے نقصان کا ریکارڈ مرتب کریں، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں، ان کے مال مویشیوں کا بھی خیال رکھا جائے اور اس کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم کو بھی متحرک کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp