سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں جاری پاک فوج کے ریلیف اور ریسکیو آپریشن پر مقامی سکھ برادری نے مسلح افواج اور ان کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح سیالکوٹ بھی حالیہ تباہ کن سیلاب سے شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں ڈسکہ میں سکھ برادری کے درجنوں افراد پانی میں محصور ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ سکھ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ اب تک 96 افراد کو ریلیف آپریشن کے ذریعے ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
محفوظ مقام پر پہنچنے کے بعد سکھ شہریوں نے پاک فوج کی بروقت مدد کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہمیشہ پاک فوج نے ہمارا ساتھ دیا ہے، جس کے ہم بے حد ممنون ہیں۔
ایک سکھ شہری نے بتایا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خصوصی شکر گزار ہیں جن کی ہدایت پر ریلیف آپریشن نہایت تیزی سے کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری مقدس کتاب جو بابا گورونانک کے مقام پر موجود ہے، اس کی حفاظت کے لیے ہیلی کاپٹر تک بھیجا گیا، اور خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہی۔
ایک اور شہری نے بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کو ’آبی جارحیت‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سازش کے باوجود ہماری ہمت اور حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جنگ میں بھی پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرہ ہر خاندان کی بحالی مشن: مریم نواز کا راوی پل کا دورہ، صورت حال کا جائزہ لیا
متاثرین نے حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پاک فوج کے بروقت اقدامات کی بدولت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہم اپنی فوج کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔