ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لودھراں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی فوج تعینات کی جا چکی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاک فوج کے دستے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کاموں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے جس میں ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکار 24 گھنٹے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: غذر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری رکھا جائے: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت
سیلاب متاثرہ علاقوں میں 9 ہزار سے زائد سول ڈیفنس رضاکار تعینات ہیں جبکہ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ سول ڈیفنس متاثرہ عوام اور ان کے مویشیوں کی محفوظ مقامات تک بحفاظت منتقلی میں پیش پیش ہے۔
ترجمان کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں سول ڈیفنس پنجاب شہریوں کا حقیقی دوست اور مددگار ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔