بھارت سے ایک اور تباہ کن سیلابی ریلے کی آمد متوقع، پنجاب میں الرٹ جاری

جمعہ 29 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت سے ایک اور بڑا سیلابی ریلہ 29 اگست کی شام پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فلڈ فورکاسٹنگ پنجاب نے اس حوالے سے نیا مراسلہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں بیراج کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا متوقع ہے۔

مراسلے کے مطابق یہ سیلابی ریلا 2 ستمبر کو ہیڈ پنجند کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کی صورت اختیار کر لے گا۔

محکمے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پہلے سے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

موجودہ سیلابی صورتحال

پنجاب میں حالیہ بارشوں اور بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے باعث سیلابی صورت حال سنگین تر ہو گئی ہے۔ صوبے میں اب تک 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:’کرنٹ لگنے سے مر سکتے ہیں‘، سیلاب کی غیرذمہ دارانہ رپورٹنگ پر سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل

جب کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ کئی اضلاع میں پانی دیہات اور بستیوں میں داخل ہو چکا ہے اور کئی شہر زیرِ آب آ گئے ہیں۔

جانی نقصان کی تفصیلات

سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان گوجرانوالہ ڈویژن میں ہوا جہاں 15 افراد جان سے گئے۔

کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے، گجرات میں 4 افراد، نارووال میں 3 افراد، حافظ آباد میں 2 افراد اور گوجرانوالہ شہر میں 1 شخص سیلاب کی نذر ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ بھارت کی جانب سے اچانک پانی چھوڑے جانے سے پنجاب میں سیلابی خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

انتظامیہ نے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp