مودی سرکار کو ایک اور جھٹکا، ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا

ہفتہ 30 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں ہونے والے آئندہ کواڈ سمٹ میں شرکت کے لیے دورۂ بھارت کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں بھارت اور امریکا کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ نے روسی تیل خریدنے پر بھارت پر تعزیری محصولات عائد کیے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ بڑھا۔

یہ بھی پڑھیے: نریندر مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی 4 فون کالز مسترد کردیں، جرمن اخبار کا دعویٰ

نیویارک ٹائمز کی ایک تفصیلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کو یقین دلایا تھا کہ وہ رواں سال بھارت میں ہونے والے کواڈ اجلاس میں شرکت کریں گے لیکن اب انہوں نے یہ منصوبہ ترک کر دیا ہے۔

اخبار کے مطابق مودی صدر ٹرمپ کے بار بار اس دعوے سے برہم تھے کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کو حل کیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ امریکا کا بھارت-پاکستان جنگ بندی میں کوئی کردار نہیں اور یہ معاملہ دونوں ممالک نے براہِ راست طے کیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جی-7 اجلاس کے موقع پر ہونے والی فون کال میں مودی نے ٹرمپ کو یہ بھی باور کرایا کہ بھارت کبھی کسی تیسرے فریق کی ثالثی قبول نہیں کرے گا۔ تاہم صدر ٹرمپ نے کئی بار اپنے کردار کی تعریف کی اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے تنازعہ کو ختم کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس دوران یہاں تک کہا کہ پاکستان انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرے گا اور اشارہ دیا کہ بھارت کو بھی ایسا کرنا چاہیے۔ مودی کے اس تجویز پر ردعمل نہ دینے کو دونوں رہنماؤں کے تعلقات میں بگاڑ کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مزید ٹیرف لگائیں گے، امریکا کی مودی سرکار کو وارننگ

رپورٹ میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ نے مودی سے تجارتی محصولات پر مذاکرات کے لیے کئی بار رابطے کی کوشش بھی کی لیکن بھارتی وزیراعظم نے ان رابطوں کا جواب نہیں دیا۔

اس سال نئی دہلی میں ہونے والے کواڈ اجلاس میں آسٹریلیا، جاپان اور امریکا کے رہنما شرکت کریں گے تاہم اب امریکی صدر ٹرمپ کی غیرحاضری کی تصدیق ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp