ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ نزلہ زکام کووڈ-19 سے کسی حد تک بچاؤ فراہم کر سکتا ہے۔
‘جرنل آف انفیکشس ڈیزیزز’ میں 11 اگست کو شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق جن افراد کو پچھلے ایک ماہ کے دوران نزلہ زکام ہوا ان میں کورونا وائرس لاحق ہونے کا خطرہ اُن لوگوں کے مقابلے میں تقریباً نصف رہا، جو اس مدت میں نزلہ سے محفوظ رہے۔
تحقیق میں ایک ہزار سے زائد شرکا کے ناک کے سواب نمونے شامل کیے گئے۔ سائنس دانوں نے دیکھا کہ جنہیں کووڈ-19 سے پہلے نزلہ ہوا تھا، اُن میں بیماری کی شدت کم تھی اور جسم میں وائرس کی مقدار بھی تقریباً 10 گنا کم پائی گئی۔ یہ کم ‘وائرل لوڈ’ بیماری کے ہلکے ہونے سے منسلک ہے۔
یہ بھی پڑھیے: چین میں چکن گونیا کے کیسز 7 ہزار سے تجاوز کر گئے، کورونا طرز کی پابندیاں نافذ
ماہرین کے مطابق نزلہ زکام کی وجہ سے جسم میں کچھ خاص پروٹینز فعال ہو جاتے ہیں جو سانس کی نالیوں کو وائرس سے بچانے کا کام کرتے ہیں۔ یہی پروٹینز بعد میں کورونا وائرس کے خلاف فوری ردِعمل دکھاتے ہیں اور بیماری کو ہلکا رکھتے ہیں۔
نئی تحقیق میں بچوں پر خصوصی توجہ دی گئی اور معلوم ہوا کہ نزلہ ہونے کے بعد بچوں میں یہ دفاعی پروٹین بڑوں کے مقابلے میں زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بچے زیادہ کثرت سے نزلہ زکام کا شکار ہونے کے باوجود کورونا سے نسبتاً کم متاثر ہوتے ہیں اور اُن میں علامات بھی ہلکی رہتی ہیں۔