اسلام آباد میں وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حوالے سے اہم اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداران بھی شریک تھے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کیا، یہ ادارہ 1971 میں قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کا خسارہ کم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم تمام تر اقدامات کے باوجود نقصان قابو میں نہ آ سکا۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو تحلیل کرنے کی منظوری دے دی
ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو ہر ماہ 60 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر آج 31 اگست سے یوٹیلیٹی اسٹورز کو باضابطہ طور پر بند کیا جا رہا ہے۔
وزیر نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مالی تحفظ دینے کے لیے خصوصی پیکج تیار کیا گیا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے مجموعی طور پر 28 ارب روپے کا پیکج منظور کیا گیا ہے۔ اس پیکج کو وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تیار کیا۔
مزید پڑھیں: حکومت کا نقصان میں چلنے والے 1700 یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے، ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی،کمیٹی نے 4 سے زائد میٹنگز کے بعد تفصیلی پیکج تیار کیا۔