معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے کہا ہے کہ لاہور کا ایک نوجوان انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، اس نے انہیں اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔
سامعہ حجاب نے حال ہی میں ایک ویڈیو میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انہیں پچھلے 2 سے 3 ماہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
‘میں ثناء یوسف نہیں بننا چاہتی’
ٹاک ٹاکر سامعہ حجاب کی اغواء کرنے کی کوشش اور قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد اسلام آباد پولیس اور عوام سے ساتھ دینے کی اپیل۔ pic.twitter.com/51n5wNudTb
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) September 1, 2025
ٹک ٹاکر واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا
’پہلے مجھ سے کہتا تھا کہ مجھ سے شادی کرو۔ میں نے اس کا پروپوزل مسترد کیا لیکن اس کے باوجود وہ میرے پیچھے پڑا رہا۔ اس کے بعد وہ میرے گھر کے باہر آیا۔ میری والدہ گھر پر بیمار پڑی ہوئی ہیں جبکہ میرا بھائی گھر پر نہیں تھا۔ میں نے دروازہ کھولا، باہر گئی تو اس نے مجھ سے کہا کہ میرے ساتھ چلو، اس کے بعد اس نے میرا موبائل کھینچا اور گاڑی میں بیٹھ گیا۔ میں باہر گئی، اور اس سے زبردستی اپنا موبائل واپس لیا۔ پھر اس نے مجھے زبردستی گاڑی میں ڈالا۔ میرے پاس اس چیز کی ریکارڈنگ بھی ہے۔‘
سامعہ حجاب کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے میری ایک دوست ثنا یوسف بھی اسی طرح شادی سے انکار پر ماری جا چکی ہیں۔ میں ثنا نہیں بننا چاہتی۔ میں ان لڑکیوں میں شامل نہیں ہونا چاہتی جو اپنے لیے آواز نہ اٹھا سکیں۔‘
ٹک ٹاکر نے کہا کہ اگر میں قتل کردی جاتی ہوں تو اس کا سبب یہی نوجوان ہوگا۔ لیکن اس سے پہلے میری ہر فرد سے درخواست ہے کہ وہ میرے ساتھ کھڑا ہو جائے۔
سامعہ حجاب نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے مجھ سے اس واقعہ کی مکمل تفصیل حاصل کی ہے، اور رپورٹ لکھی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اسلام آباد پولیس بہت جلد اس بندے کو پکڑ لے گی۔‘
سامعہ نے آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے پر سخت ایکشن لیں کیونکہ مجھ ایسی بہت سی بچیاں ہیں، جو اس قسم کی صورت حال سے گزر رہی ہیں لیکن وہ بول نہیں پا رہی ہیں۔














