رئیل اسٹیٹ ڈویلپر اور ہوٹل بزنس سے سیاست میں آنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے محض 7 ماہ میں نہ صرف امریکی پالیسیوں پر گہرا اثر ڈالا بلکہ وائٹ ہاؤس کے اوول آفس کو بھی اپنی پسند کے مطابق ڈھال دیا ہے۔
ٹرمپ نے کمرے کی سجاوٹ میں اپنی مخصوص ‘سنہری چھاپ’ شامل کی۔ چھتوں اور دروازوں کے فریموں سے لے کر فائر پلیس تک سونے کے رنگ کے تراشے نمایاں ہیں۔ حتیٰ کہ دروازوں میں بنی ہوئی فرشتوں کی شبیہیں بھی سنہری کر دی گئیں۔ مزید برآں سنہری کوسٹرز پر ٹرمپ کا نام کندہ ہے اور ان کے مطابق یہ تمام اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے برداشت کیے۔
یہ بھی پڑھیے: امریکی سیکرٹ سروس نے وائٹ ہاؤس کے قریب مسلح شخص کو گولی مار دی
اوول آفس کی دیواروں پر اب تقریباً 20 سابق صدور کی تصاویر لگی ہیں جب کہ جو بائیڈن کے دور میں یہ تعداد 6 اور اوباما کے دور میں صرف 2 تھی۔ اس کے علاوہ ٹرمپ خاندان کی تصاویر، آزادی کے اعلامیے کی نقل اور مختلف تحائف بھی کمرے کی زینت ہیں۔ ان میں فیفا کلب ورلڈ کپ ٹرافی بھی شامل ہے۔
پریس سیکریٹری کے مطابق یہ ‘سنہری دور کے لیے سنہری دفتر’ ہے تاہم بعض مبصرین کا خیال ہے کہ اوول آفس میں سنہرے رنگ کی یہ بہتات امریکی صدر کی دولت اور پیسے سے حد سے بڑھ کر دلچسپی کا عکاس ہے۔
ناقدین اب اوول آفس کو امریکی صدر کے دفتر سے زیادہ ایک ارب پتی کے بیڈ روم سے تشبیہ دے رہے ہیں اور بعض کے نزدیک امریکی صدارتی دفتر میں اب سنجیدگی سے زیادہ ایک ریئل اسٹیٹ ڈویلپر کی پرتعیش زندگی اور دولت کی ریل پیل نظر آرہی ہے۔
واضح رہے کہ ہر امریکی صدر اپنے ذوق کے مطابق اوول آفس کی تبدیلی کرتا آیا ہے لیکن شاید ہی کسی نے اسے اس قدر سنہری رنگ میں ڈبویا ہو۔