انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی نے خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے لیے انعامی رقم میں گراں قدر اضافہ کر دیا ہے، جس سے یہ ایونٹ مالی اعتبار سے 2023 کے مردوں کے ورلڈ کپ سے بھی زیادہ پرکشش بن گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا نیا شیڈول جاری، میزبانی کن شہروں کو ملی؟
فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم 44 لاکھ 80 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے، جو 2022 میں خواتین آسٹریلوی کرکٹ کو ملنے والی 13 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی رقم سے کئی گنا زیادہ ہے۔ یہ رقم 2023 کے مردوں کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی مرد ٹیم کو ملنے والے 40 لاکھ ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔
In another boost for women's cricket, there will be a huge increase in prize money for the @ICC Women’s @CricketWorldCup 2025. Overall prize money totals USD $13.88M, a 297% increase from the last edition and more than the ICC Men’s Cricket World Cup 2023 (USD $10M). #CWC25 pic.twitter.com/rXtIhFEax5
— Jay Shah (@JayShah) September 1, 2025
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے بیان میں کہا انعامی رقم میں 4 گنا اضافہ خواتین کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ اس کھیل کی طویل المدتی ترقی کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ’ہمارا پیغام واضح ہے کہ خواتین کرکٹرز کو اس پیشے میں مردوں کے برابر سمجھا جائے گا۔‘
مزید پڑھیں: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان، پاکستان کا پہلا میچ بھارت سے ہوگا
خواتین ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم 1 کروڑ 38 لاکھ 80 ہزار ڈالر ہے، جو 2022 کے 35 لاکھ ڈالر سے کہیں زیادہ اور 2023 کے مردوں کے ورلڈ کپ کے 1 کروڑ ڈالر سے بھی بڑھ گئی ہے۔ ہر شریک ٹیم کو کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
خواتین ورلڈ کپ کا 13واں ایڈیشن 30 ستمبر کو بھارتی شہر گوہاٹی میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ سے شروع ہوگا، ٹورنامنٹ کا فائنل 2 نومبر کو بھارت میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان کی خواتین ٹیم اپنے میچز کولمبو میں کھیلے گی۔