نیسلے کے سی ای او لوراں فریکسے رومانوی تعلق چھپانے پر برطرف

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوئٹزرلینڈ کی فوڈ جائنٹ کمپنی نیسلے نے اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر لوراں فریکسے کو اچانک برطرف کر دیا ہے، کمپنی کے مطابق اپنی ایک ماتحت ملازمہ کے ساتھ رومانوی تعلق کو ظاہر نہ کر کے فریکسے کمپنی کے بزنس کنڈکٹ کے ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔

نیسلے نے پیر کو اعلان کیا کہ فریکسے کی جگہ کمپنی کے سینئر عہدیدار فلپ نَوْراتیل کو فوری طور پر نیا سی ای او مقرر کیا گیا ہے، نوراتیل اس سے قبل نیسپریسو کافی یونٹ کے سربراہ تھے اور کمپنی کے ساتھ 2 دہائیوں سے منسلک ہیں۔

یہ غیر متوقع برطرفی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب نیسلے پہلے ہی مشکل کاروباری ماحول اور تجارتی محصولات کے عالمی خدشات سے دوچار ہے، کمپنی نے جون میں اعلان کیا تھا کہ طویل عرصے سے چیئرمین رہنے والے پال بُولکے اگلے سال اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کا انٹیل سی ای او سے استعفے کا مطالبہ، لپ بو تان کا دوٹوک جواب

کمپنی کے بیان کے مطابق فریکسے کی برطرفی ایک داخلی تحقیق کے بعد عمل میں آئی، جس کی نگرانی چیئرمین پال بُولکے اور لیڈ انڈیپینڈنٹ ڈائریکٹر پابلو اِسلا نے کی، اس تحقیق میں انکشاف ہوا کہ فریکسے نے اپنی براہِ راست ماتحت ملازمہ کے ساتھ خفیہ تعلق رکھا، جو کمپنی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف تھا۔

پال بُولکے نے ایک بیان میں اسے ایک ناگزیر فیصلہ قرار دیا۔ ’نیسلے کی اقدار اور گورننس ہی ہماری کمپنی کی اصل بنیاد ہیں، میں لوراں کی برسوں کی خدمات پر ان کا شکر گزار ہوں۔‘

لوراں فریکسے کو سی ای او کا عہدہ سنبھالے صرف ایک سال ہوا تھا، ان سے قبل مارک شنائیڈر کو برطرف کر کے انہیں یہ ذمہ داری دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: امریکی ٹیک کمپنی کے سی ای او نے خاتون ملازمہ کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا

نیسلے میں حالیہ برسوں میں یہ اعلیٰ سطحی انتظامی تبدیلیوں کا تازہ ترین واقعہ ہے، رواں سال دیگر بڑی فوڈ اور کنزیومر گڈز کمپنیوں جیسے یونی لیور، ڈیاجیو اور ہرشی میں بھی ایسی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔

فلپ نوراتیل نے نیسلے میں 2001 میں اپنے کیریئر کا آغاز بطور اندرونی آڈیٹر کیا، بعدازاں وسطی امریکا میں مختلف تجارتی ذمہ داریاں نبھائیں اور 2009 میں ہونڈوراس میں نیسلے کے کنٹری مینیجر تعینات ہوئے۔

انہوں نے 2013 میں میکسیکو میں مشروبات کے کاروبار کی سربراہی کی، 2020 میں کمپنی کے کافی بزنس یونٹ کی قیادت سنبھالی، اور جولائی 2024 میں نیسپریسو کے سربراہ مقرر ہوئے۔ یکم جنوری 2025 کو وہ نیسلے کے ایگزیکٹو بورڈ کا حصہ بنے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp