شرمیلا ٹیگور کو منصور پٹودی سے محبت کب اور کیسے ہوئی؟  لیجنڈری اداکارہ کے انکشافات

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے اپنے مرحوم شوہر اور بھارت کے سابق کرکٹر منصور علی خان پٹودی (ٹائیگر پٹودی) کے ساتھ اپنی محبت کی کہانی یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا رشتہ ’ پہلی نظر کی محبت ‘ والا نہیں تھا، بلکہ اعتماد اور بھروسے پر قائم ہوا۔

سنہ 1968 میں، جب شرمیلا اپنے فلمی کیریئر کی بلندی پر تھیں، انہوں نے پٹودی سے شادی کی۔ دی کپل شرما شو پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا:

’میں کرکٹ دیکھنے کی شوقین تھی۔ میرے والدین بھی کرکٹ کے دیوانے تھے۔ کولکتہ میں ہم سب کھیلوں کے شوقین تھے۔ اُس زمانے میں ہم کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیے لائن میں لگتے تھے۔ اسی دوران نواب صاحب سے ملاقات ہوئی۔  یہ کوئی ‘لو اٹ فرسٹ سائیٹ’ نہیں تھی۔ وہ انگلینڈ سے آئے تھے۔ انگریزی میں کیا بولتے تھے، کچھ سمجھ ہی نہیں آ رہا تھا کیونکہ ایکسنٹ بہت مختلف تھا۔‘

یہ بھی پڑھیے ’کسی اداکار سے شادی مت کرنا‘، شرمیلا ٹیگور نے بیٹی کو یہ نصیحت کیوں کی؟

شرمیلا ٹیگور نے مزید ہنستے ہوئے بتایا:

’ان کا مزاح بالکل مختلف تھا۔ وہ اپنی ہی بات پر ہنستے تھے کیونکہ ہمیں کچھ سمجھ ہی نہیں آتا تھا۔ ‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ آخر وہ شادی پر کیوں آمادہ ہوئیں تو شرمیلا نے کہا:

’یہ پہلی نظر کی محبت نہیں تھی، ہاں! محبت ضرور تھی۔ مجھے لگا کہ وہ کبھی مجھے جان بوجھ کر تکلیف نہیں دیں گے۔ مجھے اُن پر بھروسہ تھا۔ اور یہی بنیاد تھی۔ کیا یہی سب سے اہم چیز نہیں ہے؟‘

محبت کی اصل بنیاد: اعتماد اور احترام

شرمیلا کے ان خیالات پر روشنی ڈالتے ہوئے سائیکو تھراپسٹ اور لائف کوچ ڈیلنا راجیش نے کہا کہ:
’محبت اس وقت گہری ہوتی ہے جب رشتے میں باہمی احترام، لچکدار گفتگو اور جذباتی ذمہ داری شامل ہو۔‘

یہ بھی پڑھیں: شادی کے لیے اسلام قبول کرنا کیسا تجربہ تھا، شرمیلا ٹیگور نے ساری تفصیل بیان کردی

انہوں نے مزید کہا کہ اصل جادو تب ہوتا ہے جب دو لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بڑھنے، سیکھنے اور ایک دوسرے کو تحریک دینے کے جذبے کے ساتھ جڑیں۔

’ایک مضبوط تعلق صرف ساتھ رہنے کی جگہ نہیں بلکہ ایک قوت ہے جو دونوں کو عظمت کی طرف لے جاتی ہے۔ ایسا رشتہ نہ صرف مشکلات میں قائم رہتا ہے بلکہ دونوں کو بہتر انسان بھی بناتا ہے۔‘

ڈیلنا کے مطابق، ایک ایسا ساتھی جو جذباتی تحفظ دے، دکھ اور مشکل گھڑیوں میں سہارا بنے، اور بغیر کسی جَجمنٹ کے حوصلہ افزائی کرے، وہی محبت کو ہمیشہ زندہ رکھتا ہے۔

شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی کی کہانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ محبت کا اصل راز صرف کشش میں نہیں بلکہ بھروسے، احترام، مزاح اور اس یقین میں ہے کہ آپ کا ساتھی کبھی آپ کو جان بوجھ کر دکھ نہیں دے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp