بالاج ٹیپو قتل کیس میں گوگی بٹ ذمہ دار قرار، جے آئی ٹی ذرائع

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالاج ٹیپو قتل کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے ذرائع کے مطابق خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو قتل کی منصوبہ بندی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ گوگی بٹ قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔

بتایا گیا ہے کہ گوگی بٹ نے امیر بالاج کے قتل کی منصوبہ بندی میں براہِ راست کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے امیر بالاج ٹیپو ٹرکاں والا کون تھا ؟

مزید انکشاف ہوا ہے کہ گوگی بٹ ٹیپو خاندان کے تمام سابقہ قتل کیسز میں بھی نامزد ملزم رہا ہے۔ جے آئی ٹی آئندہ پیشی پر عدالت سے گوگی بٹ کی ضمانت منسوخ کروانے کی استدعا کرے گی۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر بالاج کے قتل کے بعد گوگی بٹ ملک سے فرار ہو گیا تھا، جبکہ کیس میں مرکزی ملزم طیفی بٹ تاحال اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم مبینہ مقابلے میں مارا گیا

یاد رہے کہ گزشتہ برس امیر بالاج ٹیپو کو لاہور میں شادی کی ایک تقریب میں قتل کردیا گیا تھا۔ وہ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پولیس کے سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھے، جہاں قاتل نے کیمرہ مین کا روپ دھارا ہوا تھا جس نے امیر بالاج کے پاس پہنچ کر فائرنگ شروع کر دی جس  سے امیر بالاج ٹیپو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ وہاں موجودان کے 2محافظ اور دولہا کا بھائی شدید زخمی ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp