خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہوگئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں بنوں میں وفاقی کانسٹیلبری (ایف سی) کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی ناقابل قبول، وفاق نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج نے ہیڈکوارٹر کی بیرونی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی تاہم چوکس اور بہادر جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی سے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔ اسی دوران دہشتگردوں نے ایک بارود سے بھری گاڑی ہیڈکوارٹر کی دیوار سے ٹکرا دی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا جبکہ قریبی شہری املاک کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث 3 بے گناہ شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوانوں نے دہشتگردوں کو ہدف بنایا اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں وفاقی کانسٹیبلری اور پاک فوج کے 6 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس بھیانک اور بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی روکنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کا افغانستان سے مذاکرات پر زور
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پوری قوم کے ساتھ مل کر بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ وطنِ عزیز کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائےگا۔