مصنوعی ذہانت چیٹ جی پی ٹی کی مالک کمپنی اوپن اے آئی نے سان فرانسسکو میں کنٹینٹ اسٹریٹیجسٹ کے لیے ملازمت کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’اے آئی کی برکت‘، محض انٹرنیٹ ایڈریس نے کس طرح چھوٹے جزیرے کی قسمت بدلی؟
اس عہدے کے لیے تنخواہ تقریباً 34 کروڑ پاکستانی روپے (تقریباً 3.9 لاکھ ڈالر) سالانہ تک پیش کی گئی ہے جس کے ساتھ کمپنی میں حصص (ایکویٹی) کا بھی امکان ہے۔
ملازمت کی تفصیل میں کہا گیا ہے کہ کنٹینٹ اسٹریٹیجسٹ کا کام چیٹ جی پی ٹی ڈاٹ کام کے لیے مواد کی حکمت عملی تیار کرنا اور اس پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ یہ کردار کمپنی کی برانڈ کی آواز کو دنیا کے سامنے پیش کرنے، مواد لکھنے، تدوین کرنے اور عالمی کاروباری اور صارفین کے لیے مؤثر مواد فراہم کرنے میں اہم ہوگا۔
مزید پڑھیے: بے قابو اے آئی ماڈل بلیک میل بھی کرنے لگے، کنٹرول کیسے ممکن ہے؟
سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے کہ جب بہت سی تنظیمیں اے آئی کے ذریعے انسانی کاموں کو ختم کر رہی ہیں تب اوپن اے آئی اب بھی انسانی کنٹینٹ اسٹریٹیجسٹ کی بھرتی کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کنٹینٹ اسٹریٹجسٹ وہ شخص ہوتا ہے جو کمپنی کے لیے بہترین اور مؤثر مواد بنانے کی پوری منصوبہ بندی کرتا ہے تاکہ کمپنی کے مقاصد جیسے کہ برانڈ کی پہچان بڑھانا، زیادہ صارفین تک پہنچنا یا مصنوعات کی فروخت بڑھانا ممکن ہوسکے۔
a decent sign that AGI isn’t quite here yet is OpenAI offering $400k for a Content Strategist pic.twitter.com/DNzHYNgL5L
— Bearly AI (@bearlyai) September 1, 2025
ایک صارف نے کہا کہ اگر وہ کمپنی جو دنیا کی سب سے جدید اے آئی تیار کرتی ہے اب بھی انسانی تحریر پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تو یہ سوچنے کی بات ہے کہ کیا مصنوعی ذہانت واقعی ہر کام کر سکتی ہے اور وہ لکھاریوں کی جگہ بآسانی لے سکتی ہے؟
دوسرے صارفین نے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اے آئی اور انسانوں کا اشتراک ہی بہترین نتائج دیتا ہے کیونکہ اے آئی کے ساتھ انسانی ذہانت مل کر تیزی سے معیاری اور تخلیقی مواد پیدا کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: نازیبا گفتگو کرنے پر میٹا کا ’بے قابو‘ اے آئی چیٹ بوٹ زیرعتاب، انکوائری جاری
کمپنی نے اس عہدے کے لیے ایسے امیدوار تلاش کیے ہیں جن کے پاس مواد کی حکمت عملی، کاپی رائٹنگ، یا مارکیٹنگ میں کم از کم 6 سے 10 سال کا تجربہ ہو۔