سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق میڈیکل رپورٹ انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیش کر دی گئی۔ رپورٹ اڈیالہ جیل کے میڈیکل آفیسر انچارج نے عدالت میں جمع کرائی۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کا طبی معائنہ 12 اگست اور 27 اگست کو کیا گیا۔ 27 اگست کے معائنے کے مطابق عمران خان کا بلڈ پریشر 120/70 اور آکسیجن کی سپلائی 99 فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ بہترین صحت کو ظاہر کرتی ہے۔ نبض کی رفتار 49 فی منٹ رہی جو کہ عام طور پر ایتھلیٹس میں دیکھی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان کو کونسے طبی مسائل درپیش ہیں؟ میڈیکل ہسٹری عدالت میں پیش
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کو دانتوں کی حساسیت اور کانوں میں گونج (ٹنائٹس) کا سامنا ہے جبکہ 12 اگست کے معائنے کے دوران کانوں میں جمع میل کو سرنجنگ کے ذریعے صاف کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پیٹ درد کی شکایت بھی سامنے آئی تھی جو بعد میں ٹھیک ہو گئی۔

ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر عمر فاروق، ڈاکٹر عامر سلیم، ڈاکٹر علی عارف اور ڈاکٹر الطاف حسین شامل تھے۔ جیل حکام کے مطابق ادارہ امراضِ قلب، ہولی فیملی ہسپتال، بینظیر بھٹو ہسپتال اور پمز کے کنسلٹنٹ ڈاکٹرز ہفتہ وار اڈیالہ جیل آ کر معائنے کرتے ہیں جبکہ جیل میڈیکل آفیسر بھی ضرورت کے مطابق طبی معائنہ کرتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دانتوں کی حساسیت کے علاج کے لیے وارنش تجویز کی گئی جبکہ ٹنائٹس کے لیے بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ عمران خان نے اس سے قبل 3 مارچ کے طبی معائنے میں بھی ٹنائٹس کی شکایت کی تھی۔













