وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے قاضی القضاۃ فلسطین ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں 2 طرفہ تعاون، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
فلسطین کی حمایت انسانی و اخلاقی فریضہ ہے
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ فلسطین کی حمایت دین، نسل، عقیدہ اور ثقافت سے بالاتر ہو کر ایک انسانی و اخلاقی فریضہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت اسرائیل ہے اور نہ پاکستان فلسطین، ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
انہوں نے غزہ میں جاری قتل عام، انسانی حقوق کی پامالی اور مقدسات کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں فلسطین کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
امدادی سامان غزہ روانہ کیا جارہا ہے
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے مظلوم عوام کیلئے امدادی سامان بھجوایا جارہا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے فلسطینی عوام کی ہمدردی اور دعاؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
فلسطینی قیادت کی جانب سے اظہار تشکر
قاضی القضاۃ فلسطین ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی ولی عہد اور اماراتی صدر کی ملاقات، فلسطین کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ غزہ میں مظالم پر مؤثر آواز اٹھانے پر ہم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر کے مہینے میں کئی ممالک فلسطین کو آزاد و خودمختار ریاست تسلیم کریں گے۔
مسجد اقصیٰ میں شکرانے کے نوافل کا وقت قریب ہے
فلسطینی رہنما نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت قریب ہے جب عالم اسلام کے لیڈر مسجد اقصیٰ میں اکٹھے ہو کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔
علما کے تبادلے اور مکالمے پر اتفاق
ملاقات میں علماء کرام کے تبادلے اور مکالمے کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیمی بھی موجود تھے۔