وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب کی ملاقات، نئے کاریڈورز پر ملکر کام کرنے پر اتفاق

جمعرات 4 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے 4 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی۔

وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں پروقار ظہرانہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں:سدا بہار اسٹریٹجک کواپریٹو پارٹنرشپ دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے ناگزیر، پاکستان چین کا اتفاق

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان 2 ستمبر کو ہونے والی ملاقات کے فیصلوں کے تناظر میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:چینی ماڈل سے متعلق خدشات غلط ثابت، پاکستان چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اس موقع پر مشترکہ ایکشن پلان (2024-2029) پر دستخط کو اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کے مثبت نتائج چین کی بھرپور حمایت سے ممکن ہوئے ہیں۔

انہوں نے جلد چینی کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کے پاکستان کے ارادے سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں، چینی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں مزید کیا باتیں ہوئیں؟

اقتصادی تعاون پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے سی پیک کو پاکستان کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا اور قراقرم ہائی وے و ریلوے لائن-1 کی بحالی اور گوادر پورٹ کے جلد فعال ہونے پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے سی پیک فیز-2 کے تحت پانچ نئے اقتصادی راہداریوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ بیجنگ میں منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس میں 300 پاکستانی اور 500 چینی کمپنیاں شریک ہوں گی۔

انہوں نے زراعت، کان کنی، ٹیکسٹائل، صنعت اور آئی ٹی کو ترجیحی شعبے قرار دیا۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے 2026 میں پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ شاندار انداز میں منانے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں منفرد اور نمایاں مقام رکھتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اس موقع پر سی پیک فیز-2، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی، میڈیا اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp