ارجنٹائن فٹبال ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے آئندہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے غیر یقینی کا اظہار کیا ہے۔
38 سالہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر غور کررہے ہیں کہ آیا وہ اپنی جسمانی فٹنس اور کارکردگی کے لحاظ سے اگلے ورلڈ کپ میں شرکت کے قابل ہوں گے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کا معاملہ، لیونل میسی کی جانب سے بڑی خبر آگئی
حال ہی میں وینزویلا کے خلاف ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول اسکور کرنے کے بعد لیونل میسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابھی تک ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر میچ کے بعد اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، موجودہ سیزن مکمل کریں گے، پھر پری سیزن کھیلیں گے، اور 6 ماہ بعد اپنی جسمانی حالت دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ وہ شرکت کریں گے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیونل میسی نے فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ تیسری مرتبہ اپنے نام کرلیا
لیونل میسی نے اعتراف کیا کہ عمر ایک فطری رکاوٹ ہے اور 2026 میں ان کی عمر 39 سال ہو گی، جو کسی بھی کھلاڑی کے لیے عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے ایک چیلنج ہوسکتی ہے۔
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ابھی اس قابل محسوس کرتے ہیں کہ وہ میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کرسکیں، لیکن حتمی فیصلہ وقت پر چھوڑا ہے۔
بیونس آئرس کے مشہور مونومینٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میسی کی کارکردگی پر مداحوں نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اسٹیڈیم خوشیوں، نعروں اور آخر میں شاندار آتش بازی سے گونج اُٹھا۔
یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو بمقابلہ لیونل میسی: کس کی مارکیٹ ویلیو زیادہ؟
میسی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ خواب دیکھا تھا کہ وہ اپنے ملک کے لوگوں کے سامنے اسی انداز میں اپنا الوداعی میچ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ بارسلونا میں انہیں برسوں تک محبت ملی، لیکن ان کی خواہش تھی کہ انہیں اپنے ملک میں بھی اسی انداز میں پذیرائی حاصل ہو۔

لیونل میسی نے اپنی قومی ٹیم کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ برسوں تک تنقید کا سامنا کرنے کے باوجود وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان لمحات کو یاد رکھیں گے جو انہوں نے ایک ساتھ گزارے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ جیتنے میں وقت لگا، لیکن آخرکار وہ خواب پورا ہوا جس کی تمنا ان کے ساتھ کئی کھلاڑی کرتے تھے۔














