نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے جوئے کی پروموشن کے الزام میں مزید 2 ٹک ٹاکرز کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ادارے کی طرف سے نوٹس ندیم مبارک عرف نانی والا اور محمد ہریرہ کو جاری کیے گئے ہیں۔ دونوں کو 9 ستمبر کواین سی سی آئی اے لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی عدالت میں پیش، جسمانی ریمانڈ میں توسیع
ایجنسی کے مطابق ان پر الزام ہے کہ وہ آن لائن ٹریڈنگ ایپس کے ذریعے مالی فراڈ میں ملوث ہیں، نوجوانوں کو آن لائن جوئے کی ایپس میں سرمایہ کاری کے لیے اکساتے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس ایپس کو فروغ دیتے ہیں۔
مزید یہ کہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک منظم منصوبے کے تحت سادہ لوح عوام کو قائل کر کے ان کی محنت کی کمائی لوٹنے کی اسکیم تیار کی۔

واضح رہے کہ معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی جوئے کی غیر رجسٹرڈ ایپس کی تشہیر کے مقدمے میں گرفتار ہیں اور نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے ان پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے لیے بڑا ریلیف، جسمانی ریمانڈ میں توسیع کیخلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر
این سی سی آئی اے کے مطابق ڈکی بھائی نے اپنے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر رجسٹرڈ جوا ایپلی کیشنز کی تشہیر کی، جس کے باعث کئی افراد کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔













