نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد اور پنجاب کے شمالی علاقوں میں اگلے 2 سے 6 گھنٹوں کے دوران اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم سمیت گردونواح میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی پنجاب کے کن علاقوں میں بارش اور طوفانی ہوائیں متوقع ہیں؟ این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث ٹاورنگ کومولس بادلوں کا سسٹم بنا جس سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور بجلی گرنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ طوفانی بارشوں سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان اور بجلی بند ہونے کا بھی امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درختوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں، گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
اس سے قبل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور شدید بارش کا الرٹ جاری کر دیا تھا۔
محکمہ کے مطابق بہاولپور، بہاولنگر، احمدپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔