سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے اپنے پرانے مگر منفرد فیچر ’پوک‘ کو ایک بار پھر نمایاں انداز میں متعارف کرایا ہے۔
اب یہ فیچر کسی مینو میں چھپا نہیں بلکہ پروفائل پر براہِ راست دستیاب ہے، ساتھ ہی اس کے لیے الگ ٹریکنگ پیج اور اسنیپ چیٹ طرز کے ’اسٹریکس‘ بھی شامل کیے گئے ہیں۔
نیا کیا ہے؟
اب صارفین کسی دوست کی پروفائل سے براہِ راست پوک بھیج سکیں گے، بالکل ایسے ہی جیسے میسج بٹن استعمال کیا جاتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ایک نیا صفحہ facebook.com/pokes متعارف کرایا گیا ہے جہاں صارفین اپنی پوک ہسٹری اور دوستوں کے ساتھ تبادلوں کو دیکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ بار بار پوک بھیجنے پر ایموجیز اور اسٹریک طرز کے گیم جیسے فیچرز بھی دکھائی دیں گے جو اس تجربے کو مزید دلچسپ بناتے ہیں۔
فیچر کی واپسی کیوں؟
میٹا نے رواں سال کے آغاز میں ڈیزائن میں تبدیلی کی جس کے نتیجے میں پوک بٹن آسانی سے دستیاب ہوا۔ اس تبدیلی کے بعد پوک بھیجنے کی شرح میں 13 گنا اضافہ ہوا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ 50 فیصد سے زائد نئے پوک نوجوان طبقے یعنی 18 سے 29 سال کی عمر کے صارفین نے کیے، جو اس فیچر کو پہلی بار یا برسوں بعد آزما رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نیپال میں فیس بک، یوٹیوب اور ایکس بند کرنے کا اعلان کیوں کیا گیا؟
کمپنی کے مطابق اسٹریک اور ایموجی جیسے نئے عناصر شامل کرنا دراصل نوجوان صارفین کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے ہے۔
فیس بک کا ’پوک‘ فیچر 2004 میں لانچ کیا گیا تھا، جسے ایک غیر لفظی اور علامتی رابطے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔

وقت گزرنے کے ساتھ یہ فیچر رفتہ رفتہ پس منظر میں چلا گیا اور 2014 کے بعد تقریباً غائب ہوگیا۔
تاہم، نوسٹالجیا اور پلیٹ فارم کی حکمتِ عملی میں تبدیلیوں نے اسے دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔
صارفین کا ردعمل
ریڈٹ پر کئی صارفین نے پوک کی واپسی پر حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’آج میرے ایک دوست نے مجھے پوک کیا، آخری بار یہ 12 سال پہلے ہوا تھا، مزہ آگیا کہ یہ فیچر اب بھی موجود ہے‘۔

دوسروں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ فیچر برسوں تک فیس بک پر چھپا ہوا محسوس ہوتا تھا اور عام صارفین کو اس تک رسائی نہیں تھی۔
میٹا نے پوک کو نئے ڈیزائن، گیمیفائیڈ ایموجیز اور اسٹریک کے ساتھ واپس لا کر نوسٹالجیا کو جدید طرز کے ڈیجیٹل رویوں سے جوڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہزاروں خواتین کی تصاویر بلا اجازت شیئر کرنیوالے غیر اخلاقی فیس بک پیج کیساتھ کیا ہوا؟
اب یہ فیچر صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ ایک ہلکا پھلکا اور دلچسپ طریقہ ہے جس کے ذریعے صارفین ایک دوسرے کو یاد دلا سکتے ہیں اور رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔














