پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج رات رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن دیکھا جا سکے گا۔
امریکا، بھارت، بنگلہ دیش، چین، جاپان اور سعودی عرب میں بھی یہ فلکیاتی منظر نظر آئے گا۔
پاکستان میں مشاہدہ
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں یہ گرہن واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، تاہم کراچی سمیت ملک کے جنوبی حصوں میں بادلوں کے باعث عوام کے لیے اس کا مشاہدہ مشکل ہوسکتا ہے۔
وقت کا تعین
چاند کی روشنی آج رات 8 بجکر 28 منٹ پر مدھم ہونا شروع ہوگی، 9 بجکر 27 منٹ پر جزوی گرہن اور 10 بجکر 31 منٹ پر مکمل گرہن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کا چاند پر دوبارہ انسان بھیجنے اور بیس کیمپ قائم کرنے کا اعلان
رات 11 بجکر 12 منٹ پر یہ نظارہ اپنے عروج پر ہوگا جبکہ 8 ستمبر کی رات ایک بجکر 55 منٹ پر گرہن ختم ہوجائے گا۔
بلڈ مون کیوں ہوتا ہے؟
ماہرین فلکیات کے مطابق کل چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین، چاند اور سورج ایک سیدھی قطار میں آجائیں اور زمین سورج کی روشنی کو مکمل طور پر چاند تک پہنچنے سے روک دے۔
اس دوران سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے مڑ کر چاند تک پہنچتی ہے اور چاند سرخی مائل رنگ میں دکھائی دیتا ہے۔ اسی کیفیت کو عام زبان میں ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جیمز ویب سے یورینس کا نیا چاند دریافت، کل تعداد 29 ہوگئی
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر (کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر) آصف حسین کے مطابق ’بلڈ مون‘ سائنسی اصطلاح نہیں ہے، اسی لیے اسے باضابطہ بیانات میں استعمال نہیں کیا جاتا، تاہم عوامی مشاہدے میں چاند سرخی مائل نظر آئے گا۔
آئندہ فلکیاتی مظاہرہ
اس کے بعد 21 اور 22 ستمبر کو سال کا دوسرا اور آخری جزوی سورج گرہن ہوگا، تاہم پاکستان میں اس کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔