نئی تحقیق کے مطابق ٹوائلٹ پر بیٹھے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے سے بواسیر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ایک امریکی جرنل پلوس ون میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو افراد ٹوائلٹ میں اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں ان میں بواسیر ہونے کا امکان 46 فیصد زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق موبائل فون استعمال کرنے سے لوگ ٹوائلٹ میں زیادہ دیر بیٹھے رہتے ہیں جس سے بڑی آنت پر دباؤ بڑھتا ہے اور بواسیر کی شکایت پیدا ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بڑی آنت کا کینسر: پہلی علامت جسے اکثر لوگ نظر انداز کردیتے ہیں
تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر ٹرشا پاسریچا کا کہنا ہے کہ ہم اب بھی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اسمارٹ فون اور جدید طرزِ زندگی ہماری صحت پر کس طرح اثرانداز ہوتے ہیں۔ ممکن ہے کہ ان کا استعمال باتھ روم میں غیر ارادی طور پر ہماری صحت کے مسائل میں اضافہ کر رہا ہو۔
اس مطالعے میں 125 بالغ افراد کو شامل کیا گیا جو کالونوسکوپی کے لیے اسپتال آئے تھے۔ ان میں سے 43 فیصد افراد بواسیر کے شکار پائے گئے۔ 66 فیصد شرکا نے بتایا کہ وہ ٹوائلٹ میں اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں۔
اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں میں سے 37 فیصد افراد 5 منٹ سے زیادہ ٹوائلٹ میں بیٹھتے ہیں جبکہ بغیر موبائل استعمال کرنے والوں میں یہ شرح صرف 7 فیصد تھی۔
ڈاکٹر پاسریچا نے مشورہ دیا ہے کہ ٹوائلٹ میں موبائل فون لے کر نہ جائیں اور کوشش کریں کہ چند منٹ میں ہی باہر آجائیں۔